ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ نشست کے انتخابات مؤخر کرنا امت شاہ کے دورہ سے واضح ہو گیا: عمر عبداللہ - Omar on Amit Shah Srinagar Visit

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 22, 2024, 8:27 PM IST

NC Holds Convention in Anantnagجنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں این سی نے ورکرنز کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا جس میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بی جے پی سمیت محبوبہ مفتی کی تنقید کیا۔

عمر
عمر عبداللہ (ای ٹی وی بھارت)

عیشمقام، اننت ناگ میں نیشنل کانفرنس کا کنونشن منعقد (ای ٹی وی بھارت)

اننت ناگ (جموں کشمیر) : نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ سرینگر دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’’اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر انتخابات موخر کرنے کا خلاصہ اور مقصد اس وقت واضح ہو گیا جب امت شاہ نے سرینگر کا دورہ کیا۔‘‘ عمر عبداللہ نے کہا: ’’وزیر داخلہ نے سرینگر انتخابات سے قبل کشمیر کا دورہ اس لئے نہیں کیا کیونکہ انہیں خوف تھا کہ کہیں ان پارٹیوں کو ان کے دورے سے نقصان نہ ہو جنہیں بی جے پی کی پشت پناہی حاصل ہے۔‘‘

سابق وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوچ سمجھ کر اننت ناگ - راجوری لوک سبھا نشست کے انتخابات کو اس لئے ری شیڈول کیا گیا تاکہ وزیر داخلہ حکومت کے لوگوں اور بی جے پی کے رہنماؤں سے ملاقات کر سکیں اور مقصد یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے انتخابات میں دخل اندازی کرکے انڈیا بلاک کے امیدوار میاں الطاف کو پارلیمنٹ جانے سے روکا جا سکے۔‘‘

عمر نے مزید کہا کہ ’’ایک طرف وہ لوگ ہیں جو فرقہ پرستی کی بنیاد پر یہاں کے لوگوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، لوگوں کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں، مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور دوسری جانب انڈیا الائنس کے تحت این سی، کانگریس اور سی پی آئی ایم جیسی جماعتیں ایک جٹ ہیں، جن کا مقصد فرقہ پرستی، مذہبی فساد ختم کرنا اور امن و امان، یکجہتی اور آپسی بھائی چارہ کو قائم کرنا ہے۔‘‘

عمر عبداللہ نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں سے اس بنیاد پر ووٹ مانگ رہی ہیں کہ میاں الطاف غیر مقامی ہیں، لیکن ماضی میں خود محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ان (عمر عبداللہ ) کے خلاف انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ عمر نے کہا: ’’جب آپ (محبوبہ مفتی) اننت ناگ سے آکر سرینگر میں انتخابات لڑ سکتی ہیں تو میاں الطاف سے اعتراض کیوں؟ وہ اسلئے کیونکہ آپ (محبوبہ مفتی ) کو میاں الطاف سے شکست کا خوف ستا رہا ہے۔‘‘

سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پی ڈی پی کی وجہ سے آج ہم ایسے حالات سے دوچار ہیں، کیونکہ 2019 میں پی ڈی پی نے ان کی پیشکش کو ٹھکرا کر بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ اگر ایسا نہیں کیا ہوتا تو آج جموں کشمیر کی یہ حالت نہیں ہوتی۔ ان باتوں کا اظہار عمر عبداللہ نے اننت ناگ ضلع کے عیشمقام میں ایک کنونشن کے دوران پارٹی ورکرس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار میاں الطاف لاروی، حسنین مسعودی، تنویر صادق، ناصر اسلم وانی، محمد الطاف کلو، بشیر احمد ویری سمیت کئی رہنما اور ورکرس کی کثیر تعداد موجود رہی۔

یہ بھی پڑھیں: اگر وادی میں امن ہے تو امت شاہ سیکورٹی جائزہ لینے کیوں آئے؟ عمر عبداللہ

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.