ETV Bharat / bharat

14 میں سے 9 وزیراعظم اترپردیش کی لوک سبھا سیٹوں سے منتخب - PM from UP Lok Sabha Seats

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 16, 2024, 5:18 PM IST

اب تک نو وزیراعظم اترپردیش سے لوک سبھا سیٹیں جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچے ہیں اور تقریباً 54 سال تک انہی کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اترپردیش کے وارانسی حلقے سے منتخب ہوئے تھے۔

nine prime ministers elected from lok sabha seats of uttar pradesh
14 میں سے 9 وزیراعظم اترپردیش کی لوک سبھا سیٹوں سے منتخب (Etv Bharat)

حیدرآباد: اتر پردیش میں لوک سبھا کی 80 سیٹیں ہیں اور اس لیے کہا جاتا ہے کہ ملک کی سیاست کا فیصلہ اتر پردیش سے ہی ہوتا ہے۔ سات مرحلوں پر مشتمل 18واں لوک سبھا انتخابات 19 اپریل سے جاری ہے اور اب تک چار مرحلوں میں ووٹنگ بھی ہوچکی ہے جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔

ملک کی آزادی کے 74 سالوں میں 14 وزرائے اعظم ہو چکے ہیں، جن میں سے 9 یوپی سے لوک سبھا کی سیٹیں جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچے اور تقریباً 54 سال تک ملک کی باگ ڈور سنبھالی۔ ان میں سے چھ وزرائے اعظم کا تعلق اصل میں اتر پردیش سے ہے۔

اترپردیش کی لوک سبھا سیٹوں سے جیتنے والے وزراءاعظم

پنڈت جواہر لال نہرو: سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ نہرو 1947 میں وزیر اعظم بنے تھے۔ لیکن اس وقت کوئی انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ 1947 میں جب بھارت کو آزادی ملی تو کانگریس میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں سردار پٹیل کو سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ اس کے بعد آچاریہ کرپلانی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے، لیکن مہاتما گاندھی کے اصرار پر سردار پٹیل اور آچاریہ کرپلانی نے اپنے نام واپس لے لیے،جس کے بعد جواہر لعل نہرو کو وزیر اعظم بنایا گیا۔

1950 میں آئین کے نفاذ کے بعد پہلی بار 1951 - 1952 میں لوک سبھا کے انتخابات ہوئے، جس میں نہرو نے الہ آباد کی پھول پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑا اور جیت کر پہلے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے الہ آباد لوک سبھا سیٹ سے 1957 اور 1962 کے لوک سبھا انتخابات جیتے اور وزیر اعظم بنے۔ نہرو 1964 میں اپنی موت تک الہ آباد سے ایم پی رہے۔

لال بہادر شاستری: انہوں نے 18 ماہ تک ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور روس میں انتقال کر گئے۔ 1964 میں جواہر لال نہرو کی موت کے بعد لال بہادر شاستری دوسرے وزیر اعظم بنے۔ شاستری نے الہ آباد لوک سبھا سیٹ سے الیکشن جیتنے کے بعد 9 جون 1964 کو وزیر اعظم کے طور پر حلف بھی لیا۔ 1965 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی، اس وقت 1904 میں مغل سرائے میں پیدا ہونے والے لال بہادر شاستری وزیر اعظم تھے۔ 11 جنوری 1966 کی رات تاشقند (سوویت یونین) میں پاکستان کے وزیر اعظم ایوب خان کے ساتھ جنگ ​​کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد ان کی مشکوک حالات میں موت واقع ہوگئی۔

اندرا گاندھی: پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں تھیں۔ اندرا گاندھی اتر پردیش کی رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے دو بار رکن پارلیمنٹ بھی رہیں۔ تاہم جب وہ 24 جنوری 1966 کو وزیر اعظم بنیں تو وہ راجیہ سبھا کی رکن تھیں۔ ایک سال بعد 1967 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں وہ رائے بریلی سیٹ سے جیت گئیں۔ اسی طرح 1971 میں ہونے والے انتخابات میں بھی وہ اسی نشست سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچیں۔

لیکن 1977 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اندرا گاندھی رائے بریلی سیٹ سے راج نارائن سے ہار گئیں اور کانگریس حکومت نہیں بنا سکی۔ پھر 1980 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے اندرا گاندھی کی قیادت میں الیکشن لڑا اور اکثریت حاصل کی۔ اس بار اندرا گاندھی نے رائے بریلی کے ساتھ آندھرا پردیش کی میدک لوک سبھا سیٹ سے بھی الیکشن لڑا، یہ سیٹ اب تلنگانہ میں ہے۔ اندرا گاندھی نے دونوں جگہوں سے الیکشن جیتنے کے بعد رائے بریلی سیٹ چھوڑ دی تھی۔

چودھری چرن سنگھ: وہ صرف 23 دن تک وزیر اعظم رہ سکے۔ وہ یوپی کی باغپت لوک سبھا سیٹ سے ایم پی تھے۔ چودھری چرن سنگھ ایک کسان لیڈر تھے جو کئی بار ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں، جنتا پارٹی کی طرف سے 28 جولائی 1979 سے 14 جنوری 1980 تک وزیر اعظم رہے۔ مرارجی دیسائی کی حکومت کے خاتمے کے بعد چودھری چرن سنگھ اندرا گاندھی کی پارٹی کی حمایت سے وزیر اعظم بنے، لیکن جب ان کو اپنی اکثریت ثابت کرنے کی بات آئی تو اندرا گاندھی نے حمایت واپس لے لی اور ان کی حکومت گر گئی۔ جس کے بعد چودھری چرن سنگھ نے 1979 میں استعفیٰ دے دیا تاہم وہ 14 جنوری 1980 تک قائم مقام وزیر اعظم رہے۔

راجیو گاندھی: راجیو گاندھی امیٹھی سیٹ سے الیکشن جیت کر وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ 31 اکتوبر 1984 کو وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ان کے بیٹے راجیو گاندھی امیٹھی سے لوک سبھا انتخابات جیت کر رکن پارلیمنٹ بنے۔ اس کے بعد 1984 کے عام انتخابات میں کانگریس نے سب سے زیادہ 414 سیٹیں جیتیں۔ راجیو گاندھی امیٹھی سیٹ سے منتخب ہونے کے بعد وزیر اعظم بن گئے، راجیو گاندھی کا دور 1989 تک رہا۔

وی پی سنگھ: وہ 11 ماہ اور 8 دن تک وزیر اعظم رہے۔ بھارت کے 9ویں وزیراعظم وشواناتھ پرتاپ سنگھ بھی فتح پور لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ 1989 میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اکثریت سے دور رہی۔جب کہ وی پی سنگھ کی جنتا دل کو 146 سیٹیں ملیں۔ بعد میں وی پی سنگھ بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت سے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔

چندر شیکھر: بلیا کے ایم پی چندر شیکھر کو چھ ماہ کے اندر وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔ بلیا کے رہنے والے چندر شیکھر ملک کے 10ویں پی ایم تھے۔ چندر شیکھر 10 نومبر 1990 سے 21 جون 1991 تک وزیر اعظم رہے۔ 1989 میں چندر شیکھر نے اپنے آبائی حلقہ بلیا اور بہار کے مہاراج گنج پارلیمانی حلقہ سے الیکشن لڑا اور دونوں جگہوں سے کامیابی حاصل کی لیکن بعد میں انہوں نے مہاراج گنج سیٹ چھوڑ دی۔

اٹل بہاری واجپائی: وہ پہلی بار 13 دن کے لیے وزیر اعظم بنے تھے۔ 11ویں لوک سبھا انتخابات میں پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بنی اور واجپائی کو وزیر اعظم بنایا گیا۔ 1998 میں واجپائی نے لکھنؤ لوک سبھا سیٹ سے جیت کر وزیر اعظم کی باگ ڈور سنبھالی۔ تاہم، اکثریت کی کمی کی وجہ سے واجپائی صرف 13 دن (16 مئی 1996 سے 1جون 1996) کے لیے وزیر اعظم رہ سکے۔ اس کے بعد ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں بی جے پی کو 167 سیٹیں ملیں اور واجپائی لکھنؤ سیٹ سے جیت کر دوبارہ وزیر اعظم بن گئے، لیکن اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے یہ مدت بھی صرف 13 ماہ (19 مارچ 1998 سے 19 اکتوبر 1999 ) تک چل سکی۔ اس کے بعد 1999 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو دوبارہ 182 سیٹیں ملیں اور اتحادیوں کی مدد سے واجپائی 19 اکتوبر 1999 سے 22 مئی 2004 تک وزیر اعظم رہے۔ واجپئی لکھنؤ سیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے تھے۔

نریندر مودی: وہ جیت کی ہیٹ ٹرک بنانے کے لیے وارانسی سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پی ایم مودی وارانسی سیٹ سے ایم پی بھی ہیں۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں مودی نے گجرات کے وڈودرا اور یوپی کے وارانسی سے الیکشن لڑا اور دونوں جگہوں سے کامیابی حاصل کی۔ مودی نے وڈودرا سیٹ چھوڑ کر وارانسی کو برقرار رکھا۔ 2019 کے انتخابات میں نریندر مودی وارانسی سیٹ سے دوبارہ ایم پی منتخب ہوئے اور دوسری بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیں

نہرو سے مودی تک، کس وزیراعظم نے کس پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑا؟

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.