ETV Bharat / bharat

مودی حکومت ملک کو آمریت کی جانب لے جارہی ہے: کھرگے

author img

By PTI

Published : Feb 18, 2024, 9:44 AM IST

Kharge on Modi govt کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ملک کو آمریت کی جانب سے لے جارہی ہے۔

congress president Kharge
congress president Kharge

منگلورو: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو کہا کہ نریندر مودی حکومت کو مرکز میں دوبارہ اقتدار میں نہیں لایا جانا چاہئے کیونکہ وہ ملک کو آمریت کی طرف لے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے مزید ملازمتیں پیدا کرنے اور تمام شہریوں کے بینک کھاتوں میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا۔

انہوں نے شہر کے مضافات میں کانگریس کارکنوں کے ریاستی سطح کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’’مودی ایک آمر بننا چاہتے ہیں اور پوری حکومت بشمول قانون نافذ کرنے والے اداروں اور میڈیا کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ کانگریس کرناٹک میں کم از کم 20 سیٹیں حاصل کرنے کے لئے پراعتماد ہے۔ کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں اپنے انتخابی منشور میں تمام ضمانتوں کو پورا کیا، مودی اپنے الفاظ سے پیچھے ہٹ گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی ہمیشہ ذاتی ضمانتوں پر زور دیتے رہے ہیں، جبکہ کانگریس اجتماعی طور پر اپنے وعدوں کو پارٹی کی ضمانت کے طور پر بیان کرتی ہے۔

کرناٹک وزیراعلی سدارامیا نے پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ریاست میں لوک سبھا انتخابات میں کم از کم 20 سیٹیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے پچھلے 10 سالوں میں جو بھی وعدے کئے تھے ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ بی جے پی پر بھروسہ نہ کریں۔ وزیراعلی نے کہا کہ "بی جے پی جذبات سے جوڑ توڑ کرتی ہے اور لوگوں میں مذہبی اور ذات پات کی تقسیم کا استحصال کرتی ہے۔ ملک کے لوگوں نے گزشتہ دہائی میں بی جے پی کے 'اچھے دن' کا وعدہ کبھی نہیں دیکھا تھا، جب کہ کانگریس جھوٹے وعدے نہیں کرتی ہے"۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عوام کے سامنے پیش کی گئی تمام پانچ ضمانتوں کو صرف آٹھ ماہ میں پورا کر دیا ہے، جب کہ بی جے پی نے اپنے 600 وعدوں میں سے صرف 60 پر عمل کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ساحلی علاقے سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ نلین کمار کٹیل اور شوبھا کرندلاجے دونوں ریاست کے لیے مرکزی فنڈز جاری کرنے میں ناکام رہے تھے۔ انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ جنوبی کنڑ اور اڈوپی میں کانگریس کے امیدواروں کو منتخب کریں۔

مزید پڑھیں:

نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اپنی تقریر میں کہا کہ منگلورو میں کانگریس کی شاندار روایت ہے جہاں جناردھن پوجاری اور ویرپا موئیلی جیسے تجربہ کار لیڈروں نے پارٹی کے نچلی سطح کے کام کو مضبوط کیا۔ شیوکمار نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اعتماد کے ساتھ ووٹروں سے رجوع کریں کیونکہ کانگریس نے ریاست میں اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ شیوکمار نے کہا کہ جنتا دل (ایس) لیڈر ایچ ڈی دیوے گوڑا، جنہوں نے ایک بار بی جے پی جیتنے پر ملک چھوڑنے کا عہد کیا تھا، اب اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے اسی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا رہے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.