ETV Bharat / bharat

بنگلورو پولیس نے جے پی نڈا، امت مالویہ اور بی وائی وجیندرا کو طلب کیا، جانیے پورا معاملہ - JP Nadda Summoned By Police

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 8, 2024, 9:42 PM IST

X Post Case: بنگلورو پولیس نے جے پی نڈا، امت مالویہ اور بی وائی وجیندر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قابل اعتراض پوسٹ معاملے میں نوٹس جاری کیا ہے۔ انہیں صبح 11 بجے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں زیر دستخط تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔

بنگلورو پولیس نے جے پی نڈا، امت مالویہ اور بی وائی وجیندرا کو طلب کیا
بنگلورو پولیس نے جے پی نڈا، امت مالویہ اور بی وائی وجیندرا کو طلب کیا (ای ٹی وی بھارت)

بنگلورو: بنگلورو پولیس نے سوشل سائٹ ایکس پر قابل اعتراض پوسٹ معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا، پارٹی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ اور کرناٹک کے ریاستی صدر بی وائی وجیندر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ نڈا، امت مالویہ اور وجیندرا کو بنگلورو پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ چار مئی کو کرناٹک بی جے پی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک متنازع پوسٹ کی گئی تھی۔ کے پی سی سی کے میڈیا اور کمیونیکیشن ہیڈ رمیش نے اس متنازع پوسٹ کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ اس معاملے کو لے کر بنگلورو کے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

  • متنازع اعتراض پوسٹ میں کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر پوسٹ کے گئے مذکورہ ویڈیو میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کے انیمیٹڈ کردار دکھائے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کلپ میں کانگریس کو مبینہ طور پر ریزرویشن کی سیاست میں مسلمانوں کی حمایت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کرناٹک بی جے پی کی طرف سے پوسٹ کیے گئے اس ویڈیو میں راہل گاندھی اور سی ایم سدارامیا کو ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی سے زیادہ مسلمانوں کو دولت فراہم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

  • پولیس نے جاری کیا نوٹس

اب ہائی گراؤنڈز پولیس نے جے پی نڈا، وجیندرا اور امت مالویہ کو نوٹس جاری کرکے سنوائی میں شامل ہونے کے لیے کہا ہے۔ نوٹس میں لکھا گیا ہے، 'مذکورہ کیس کی تحقیقات کے مقصد سے، آپ (نڈا، مالویہ، وجیندر) کو یہ نوٹس موصول ہونے کے سات دنوں کے اندر اندر 11 بجے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں زیر دستخطی تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔'

  • کرناٹک کے وزیر داخلہ نے کیا کہا؟

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو کرناٹک پولس کے ذریعہ طلب کیے جانے پر ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورا نے کہا کہ پولیس کے سامنے بیان دینے کے بعد یہ دیکھنا ہوگا کہ پولس اس معاملے میں کیا کارروائی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم نے نہرو کے ہندوستان سے ہاتھ ملایا تھا مودی کے ہندوستان سے نہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.