خواتین کے لیے کانگریس کی 5 گارنٹیاں، ہماری گارنٹی پتھر کی لکیر ہوتی ہے جملہ نہیں: کانگریس

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 13, 2024, 10:35 PM IST

Updated : Mar 13, 2024, 10:50 PM IST

Rahul Gandhi

Mahila Nyay Guarantee کانگریس نے 'مہیلا نیائے' گارنٹی کا اعلان کیا ہے، جس میں غریب خواتین کو ایک لاکھ روپے، سرکاری ملازمتوں میں 50 فیصد کوٹہ اور خواتین کے لیے ہر اضلاع میں ہاسٹل بھی شامل ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہماری گارنٹیاں جملے نہیں بلکہ ہمارا کہا پتھر کی لکیر ہوتا ہے۔

راہل گاندھی

دھولے: ریاست مہاراشٹر کے دھولے میں بھارت جوڈو نیائے یاترا کے آخری مرحلے میں مہیلا میلا نام کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے پانچ 'مہیلا نیائے' گارنٹی کا ذکر کرتے ہوئے اسے تاریخی گارنٹی قرار دیا۔ جس میں غریب خواتین کو ایک لاکھ روپے، سرکاری ملازمتوں میں 50 فیصد کوٹہ اور خواتین کے لیے ہاسٹل شامل ہیں۔

کانگریس کی پانچ مہیلا نیائے گارنٹی کیا ہیں:

  • مہالکشمی: ایک غریب گھرانے کی خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپے۔
  • آدھی آبادی، پوراحق: مرکزی حکومت میں تمام نئی بھرتیوں میں سے نصف خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔
  • شکتی کا سمان: آشا، آنگن واڑی اور مڈ ڈے میل بنانے والی خواتین کی ماہانہ تنخواہ میں مرکزی حکومت کا حصہ دوگنا کیا جائے گا۔
  • ادھیکار میتری: ہر پنچایت میں ایک ادھیکار میتری کا تقرر کیا جائے گا، جو خواتین کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرے گی اور ان حقوق کے نفاذ میں مدد بھی کرے گی۔
  • ساوتری بائی پھولے ہاسٹل: مرکز ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ہاسٹلوں کی تعداد کو دوگنا کرے گا، ہر ضلع میں کم از کم ایک ہاسٹل ہوگا۔

قریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا، "نریندر مودی نے لوک سبھا میں خواتین کے ریزرویشن (ایکٹ) کو بہت دھوم دھام سے پاس کیا، لیکن پھر آپ خواتین کو بتایا گیا کہ آپ مردم شماری کے بعد ریزرویشن سے لطف اندوز ہو سکیں گی، جو کہ 10 سال بعد کیا جائے گا۔"

انہوں نے وعدہ کیا کہ کانگریس پارٹی کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے فوراً بعد خواتین کو بغیر کسی سروے کے ریزرویشن دیا جائے گا۔ راہل نے مودی پر ارب پتیوں کو دیے گئے 16 لاکھ کروڑ روپے کے قرضوں کو معاف کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے قرضے معاف کیے جاسکتے ہیں تو کسانوں، مزدوروں، چھوٹے تاجروں کے قرضے بھی معاف کیے جائیں۔

راہل کی تقریر سے پہلے، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اگر مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی مدد دی جائے گی ’مہیلا نیائے‘ گارنٹی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ اس کے تحت کانگریس پارٹی ملک میں خواتین کے لیے ایک نیا ایجنڈا طے کرنے جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ناری نیائے گارنٹی کے تحت کانگریس خواتین کے لیے پانچ اعلانات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ’’کانگریس نے خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے جو پانچ گارنٹیاں دی ہیں ان میں سے پہلی مہالکشمی گارنٹی ہے، جس کے تحت غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ دوسری گارنٹی آدھی آبادی - پورا حق کی ہوگی، جس کے تحت مرکزی حکومت کی نئی تقرریوں میں خواتین کو آدھا حق ملے گا۔ شکتی کا سمان تیسری گارنٹی ہے جس کے تحت آنگن واڑی، آشا اور مڈ ڈے میل ورکرس کی ماہانہ تنخواہ میں مرکزی حکومت کی شراکت کو دوگنا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ادھیکار میتری چوتھی گارنٹی ہے جس کے تحت خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ہر پنچایت میں ایک پیرا لیگل یعنی قانونی معاون کو ادھیکار میتری کے طور پر مقرر کیا جائے گا۔ خواتین کے لیے پانچویں ساوتری بائی پھولے ہاسٹل گارنٹی ہے جس کے تحت حکومت ہند ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کم از کم ایک ورکنگ ویمن ہاسٹل بنائے گی اور ملک بھر میں ان ہاسٹلوں کی تعداد دوگنی کردی جائے گی۔

کانگریس صدر نے کہا ’’اس سے قبل ہم نے باگھیداری نیائے، کسان نیائے اور یووا نیائے کا اعلان کئے ہیں اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہماری گارنٹیاں کھوکھلے وعدے اور بیانات نہیں ہوتے۔ ہمارا کہا پتھر کی لکیر ہوتا ہے۔ یہ 1926 سے اب تک ہمارا ریکارڈ ہے۔ جب ہمارے مخالفین کا جنم ہورہا تھا تب سے ہم منشور بنا رہے ہیں اور اعلانات کو پورا کر رہے ہیں۔ آپ سبھی کانگریس پارٹی کو اپنا آشیرواد دیتے رہئے اور جمہوریت اور آئین کو بچانے کی اس لڑائی میں ہمارا ہاتھ مضبوط کیجئے

کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے خواتین کے لیے پانچ ضمانتوں کے اعلان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خواتین کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔

راہل گاندھی نے کہا کہ "کانگریس ملک کی خواتین کو ایسی پانچ ضمانتیں دے رہی ہے جو ملک کی خواتین کی زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے بدل دے گی۔ خواتین کے انصاف کی ضمانت کے تحت کئے جانے والے یہ پانچ تاریخی اقدامات خواتین کے لیے خوشحالی کے دروازے کھولنے جا رہے ہیں۔

پرینکا وڈرا نے کہا کہ یہ ضمانتیں ہماری بہنوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گی۔ کانگریس پارٹی ملک کی نصف آبادی کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ برابری اور شراکت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Last Updated :Mar 13, 2024, 10:50 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.