نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ کی زیر صدارت جمعہ کو ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کہا گیا کہ بھارت کی سات ریاستوں میں کووڈ کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں ان میں کیرالہ، مہاراشٹر، دہلی، کرناٹک، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور ہریانہ شامل ہیں۔ مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ میں، منسکھ منڈاویہ نے کووِڈ کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ریاستی صحت کے وزراء کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ذاتی طور پر تمام لاجسٹک اور بنیادی ڈھانچے کی تیاریوں کی نگرانی کریں اور یہ جاننے کی کوشش کریں کہ ہسپتال میں بستروں کی دستیابی، کے علاوہ ضروری ادویات کا مناسب اسٹاک موجود ہے یا نہیں۔ ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ پورٹل پر اپنے کووڈ ڈیٹا کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں۔ اس میٹنگ میں ملکی صورتحال کے ساتھ ساتھ عالمی کووڈ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 25 مارچ کو مرکزی وزارت صحت اور آئی سی ایم آر کی طرف سے جاری مشترکہ ایڈوائزری کی بھی یاد دلائی گئی۔