اتر پردیش اردو اکیڈمی اردو زبان کے فروغ کے لئے متعدد اسکیمس چلاتی ہے۔ اکیڈمی مشاعرہ، شعراء، ادیب، مصنف اور صحافیوں کی مالی امداد، طلبہ کے لئے وظیفہ ساتھ ہی ہر سال اردو زبان کی خدمات سرانجام دینے والے لوگوں کو آوارڈ بھی دیتی ہے۔ لیکن چیئرمین نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے کام متاثر ہو رہے ہیں۔
اردو اکیڈمی کے ممبر ڈاکٹر شاداب عالم نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ چیئرمین کی تقرری نہ ہونے کی وجہ سے اردو اکیڈمی میں گزشتہ دو برس سے ایوارڈ کا اعلان نہیں ہو رہا ہے کیونکہ بغیر چئیرمین کے بغیر اکادمی کے ممبران ایوارڈ کا اعلان نہیں کر سکتے۔
ڈاکٹر شاداب نے بتایا کہ اردو اکیڈمی اردو زبان کے فروغ کے لیے سیمینار منعقد کرتا ہے لیکن چیئرمین نہ ہونے کی وجہ سے یہ اہم کام بھی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اردو اکیڈمی کے اشتراک سے اتر پردیش کے تقریباً سبھی اضلاع میں مختلف عنوانات پر سمینار منعقد ہوتے تھے۔
اس کے لئے اکیڈمی مالی امداد بھی کرتی تھی۔ بڑی رقم کے لئے چیئرمین کی منظوری ضروری ہوتی تھی۔ اردو اکیڈمی کی کچھ اسکیمس ابھی بھی پہلے کی طرح جاری ہیں، جن میں شعراء، ادیب، مصنف اور صحافیوں کی مالی امداد ہے۔