اردو

urdu

ETV Bharat / state

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں یوم آئین منایا گیا

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبۂ جات، اسکولوں اور اقامتی ہالوں میں یوم آئین منایا گیا جس میں مقررین نے آئین ہند کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آئین کی تمہید کو پڑھا اور آئین مرتب کرنے والے عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئین کے تحفظ کا عہد بھی کیا گیا
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں یوم آئین منایا گیا، آئین کے تحفظ کا عہد بھی کیا گیا

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 29, 2023, 1:29 PM IST

علیگڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) قانون فیکلٹی میں منعقدہ پروگرام میں وزارت ثقافت، حکومت ہند کے تیار کردہآئین ہند کی اصل کاپی کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس موقعے پر مہمان خصوصی سنجیو کمار سنگھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج، علی گڑھ نے آئین ہند میں مذکور بنیادی حقوق اور فرائض کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جب کہ مہمان اعزازی یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے عوام میں آئین کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرنے میں لائبریریوں کے کردار پر زور دیا۔ اپنے خطبۂ استقبالیہ میں ڈین پروفیسر ایم زیڈ ایم نعمانی نے آئین کی تیاری سے متعلق اہم واقعات، خاص طور پر گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935 سے لے کر 1950 میں آئین کو اپنائے جانے تک کے واقعات کا ذکر کیا۔ بی اے ایل ایل بی کی طالبات عالیہ سرفراز خان، ارحم خان، فدا فاطمہ اور جاوید عالم نے آئین کے مختلف پہلوؤں اور اس کے ارتقاء پر گفتگو کی۔ صدر شعبہ پروفیسر محمد اشرف نے شکریہ کے کلمات ادا کیے۔

یہ بھی پڑھیں:

یوم آئین، ہمارا دستور جمہوریت کی عمارت کو مضبوطی دیتا ہے: مشرف علی

”ہندوستان: جمہوریت کی ماں“ اور ”آئینی خواہشات بمقابلہ حقیقت“ موضوع پر پوسٹر سازی کے مقابلے میں سویرا پروین کی ٹیم نے اول انعام حاصل کیا جب کہ وبھا سنگھ اور سمن عتیق کی ٹیموں نے بالترتیب دوم اور سوم انعام جیتا۔ ”آئین ہند“ کے موضوع پر نعرہ نویسی مقابلہ میں عون اللہ خان، گل نگار اور صائبہ خان نے بالترتیب اول، دوم اور سوم انعام حاصل کیا۔ شائلہ محمود اور ڈاکٹر مسعود احمد بالترتیب دونوں مقابلوں کے جج تھے۔ اس موقع پر ”کانسٹی ٹیوشن آف انڈیا: لاء آف لاز“ کے عنوان پر منعقدہ ایک سیمینار میں ڈاکٹر سید عاطف جیلانی، یونٹ کوآرڈینیٹر (ایم بی اے) نے مقررین کا خیرمقدم کیا اور یوم آئین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اخلاق الاعظم، یونٹ انچارج (بی اے ایل ایل بی) نے عوام میں نیشنل ازم کو فروغ دینے میں آئین کے کردار پر زور دیا اور سبھی کو تلقین کی کہ وہ آئین سازوں کے خوابوں کی تکمیل کے لیے کام کریں۔

ڈاکٹر راشد عثمان انصاری نے آئین کے اہم نکات بیان کیے۔ اس موقع پر بی اے ایل ایل بی کی طالبہ سمن پروین نے بھی خطاب کیا۔ حاضرین کو آئین کا تمہید پڑھ کر سنایا گیا اور انہوں نے آئین کے تحفظ کا عہد کیا۔ اے ایم یو کے بیگم سلطان جہاں ہال میں آئین ہند ملک کا سپریم قانون ہے کے موضوع پر ایک مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں نبا نسیم خان نے پہلا، اقصیٰ مہک نے دوسرا اور حفصہ بانو نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ روزی پروین اور علیمہ نشاط کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔ جے این میڈیکل کالج کے سائیکیاٹری شعبہ میں یوم آئین پر اساتذہ، طلباء اور عملہ کے اراکین نے آئین ہند کے اصولوں اور اقدار کے تحفظ کے لیے ای- حلف لیا، آئین ہند کی تمہید بھی پڑھی اور دماغی صحت کو اس انداز میں فروغ دینے کے اپنی عزم کو دوہرایا جو تمام افراد کے آئینی حقوق اور فرائض سے ہم آہنگ ہو۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details