کولگام (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ضلع انتظامیہ، محکمہ دیہی ترقی سمیت دیگر محکمہ جات کے اشتراک سے ’’واسک ناگ فیسٹول‘‘ کا اہتمام عمل میں لایا گیا۔ وادی کُنڈ، کولگام کی خوبصورت پہاڑی کے دامن میں واقع واسک ناگ کو سیاحتی نقشے پر لانے کے حوالے سے پہلی بار انتظامیہ نے واسک ناگ فیسٹول کا انعقاد عمل میں لایا۔ ڈی سی کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے پنچایتی راج نمایندوں اور مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران کے ہمراہ فیسٹول کا افتتاح کیا۔
واسک ناگ فیسٹول میں مقامی فنکاروں، گلوکاروں نے اپنے ہنر کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ فیسٹیول میں مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ طلبہ و طالبات کے علاوہ مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ کے لیے پینٹنگ مقابلہ کا بھی انعقاد عمل میں لایا گیا۔ منتظمین کے مطابق فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کی ہر سطح پر رسائی ممکن بنانے اور انکے رول کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔