نئی دہلی:شمال مشرقی دہلی میں 2020 کے فسادات سے متعلق ایک بڑی سازش کے معاملے میں شرجیل امام سمیت 20 ملزمان کے خلاف الزامات طے کرنے کے لیے پیر(18 ستمبر) کو سماعت ہوئی۔ اس دوران ککڑڈوما کورٹنے دہلی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے میں تفتیش کی صورتحال بتائے۔ آج اس کیس کی سماعت ہونا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بڑی سازش کیس میں مختلف ملزمان نے 14 ستمبر کو کڑکڑڈوما کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
الزام پر دلائل کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے دہلی پولیس سے اسپیشل سیل کی تحقیقات اور موجودہ صورتحال اور تحقیقات کی تکمیل کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ یہ درخواستیں دہلی فسادات کے ملزمین دیوانگنا کلیتا، نتاشا نروال اور آصف اقبال تنہا نے کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت کے سامنے داخل کی تھیں۔ تفتیش کی حیثیت کا مطالبہ کرنے کے علاوہ آصف اقبال تنہا نے دہلی پولیس کو یہ ہدایت دینے کی بھی اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی حد بتائے کہ تحقیقات کب مکمل ہو گی۔