حیدرآباد: بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ موجودہ کپتان روہت شرما ٹیم انڈیا کے کپتان بننے کے خواہشمند نہیں تھے اور ویراٹ کوہلی کے عہدہ چھوڑنے کے بعد انہیں بھارتی بلے باز کو کپتانی سنبھالنے پر راضی کرنا پڑا تھا۔
ویراٹ کوہلی نے 2021 میں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن وہ دوسرے فارمیٹس میں ٹیم کی کپتانی کے خواہشمند تھے۔ تاہم سلیکٹرز کی رائے تھی کہ بھارت کو وائٹ بال فارمیٹس میں ایک ہی کپتان ہونا چاہیے اور اسی لیے کوہلی کو ون ڈے کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا گیا۔ جس کے بعد روہت شرما نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھارتی ٹیم کی کمان سنبھال لی تھی۔
سورو گنگولی اس وقت بی سی سی آئی کے صدر تھے اور انہوں نے بھارتی ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے بتایا کہ روہت شرما قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے زیادہ خواہش مند نہیں تھے لیکن انھوں نے انھیں ایسا کرنے پر راضی کیا۔ گنگولی نے کولکتہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ روہت شرما کپتانی نہیں چاہتے تھے کیونکہ انھیں تمام فارمیٹس میں کھیلنے کا بہت دباؤ تھا۔