مرادآباد: اترپردیش کے مرادآباد ڈویژن کے دورے پر پہنچے مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے ہفتہ کو یہاں مرادآباد ریلوے اسٹیشن پرمسافروں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو آج صبح تقریباً نو بجے مرادآباد پہنچے اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کا باریکی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر مرادآباد ریل کے ڈویژنل منیجر اجئے نندن سمیت ریلوے کے کئی اعلی افسران موجود تھے۔ وزیر ریل نے مرادآباد ریلوے اسٹیشن پر فٹ اوور بریج،زیر تعمیر لفٹ سمیت آر پی ایف تھانے کا معائنہ کیا۔معائنے کے دوران اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ مہیندر کمار اور ایگزکٹیو انجینئر سے بھی جانکاری لی۔
مرکزی وزیر ریل نے بتایا کہ مرادآباد اور ہریدوار ریلوے اسٹیشن کو امرت اسٹیشن اسکیم کے تحت اسٹیشنوں کے نئے ڈھانچے بنانے کے علاوہ انفراسٹرکچر سہولیات سے لیس کر کے عالمی سطح کا بنایا جائے گا۔ مرادآباد اسٹیشن کے معائنے کے بعد وزیر ریل دھاپور کے لئے روانہ ہوگئے۔قابل ذکر ہے کہ مرادآباد ڈویژن کےانڈسٹریل علاقے گجروالہ بجنور، دھامپور، نجیب آباد، ہری دوار، دہرادون، مسوری وغیرہ اسٹیشنوں کو سجایا سنوارا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو سہارنپور سمیت مرادآباد ڈویژن کے اسٹیشنوں کا پہلے بھی دورہ کرچکے ہیں۔