نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ چین نے سرحد پر بھارت کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن مودی حکومت اس سچائی کو چھپا رہی ہے اور ملک کے لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان گورو گوگوئی اور پون کھیڑا نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت چین سرحد کی حقیقت کے بارے میں غلط بیانات دے رہی ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پارلیمنٹ میں تسلیم کرتے ہیں کہ چینی فوج نے بھارتی سرحد پر قبضہ کر لیا ہے لیکن وزیر داخلہ امت شاہ کہتے ہیں کہ چین ملک کی ایک انچ زمین بھی نہیں لے سکتا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جماعتی اجلاس میں کہا ہے کہ چین کے قبضے میں ہندوستان کی کوئی زمین نہیں ہے لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے کہ چین نے ہندوستانی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ Congress Slams BJP Govt Over Indo China Clash
انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کو چینی فوج نے بھارتی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن ہماری فوج کے بہادر جوانوں نے حوصلے اور پوری طاقت کے ساتھ سرحد کی حفاظت کی۔ انہوں نے کانگریس پارٹی اور ملک کے عوام کی جانب سے جوانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پورا ملک اور کانگریس پارٹی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ترجمان نے مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی پالیسیوں میں خامیاں ہیں۔ قومی سلامتی سے کھیل کر حکومت سرحد پر چین کی مداخلت کو عوام سے چھپا رہی ہے۔