بارہمولہ( جموں و کشمیر):شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پلہالن کھمبیار گاؤں میں دو رہایشی مکانوں میں خوفناک آتشزدگی کی وجہ سے ایک 28 سالہ نوجوان جھلس کر ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق محمد رمضان ڈار کے گھر میں درمیانی شب آگ لگنے کی ایک واردات پیش آئی۔ آگ تقربیاً رات کے 2:00 بجے لگ گئی۔ آگ اتنی بھاینک تھی کہ آناً فاناً محمد اسد اللہ کے گھر تک پھیل گئی اور آگ نے دونوں رہائشی مکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔
اس ضمن میں فائر سروس پٹن پلہلن پولیس چوکی کے پولیس اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو کر لیا گیا۔ملبہ ہٹانے کے دوران پولیس اور مقامی لوگوں نے محمد رمضان ولد عادل احمد ڈار کی جلی ہوئی لاش برآمد کی اور اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے۔ آگ کے اس واردات میں کروڑوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔