ETV Bharat / state

Sharib Rudaulvi Passes Away اردو کے ممتاز نقاد پروفیسر شارب ردولوی کا انتقال، اردو دنیا سوگوار

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 18, 2023, 1:09 PM IST

اردو کے ممتاز نقاد پروفیسر شارب ردولوی کا انتقال ہوگیا ہے۔ شارب ردولوی کے انتقال کے سبب اردو دنیا سوگوار ہوگئی ہے۔ ان کی پیدائش یکم ستمبر 1935 کو اتر پردیش کے ردولی کے زمیندار اور تعلیم یافتہ گھرانے میں ہوئی تھی۔ انہیں لکھنؤ کے عباس باغ قبرستان میں آج بروز بدھ بعد نماز مغرب سپرد خاک کیا جائے گا۔ Prominent Urdu Critic Professor Sharib Rudaulvi Passed Away

Sharib Rudaulvi Passed Away
Sharib Rudaulvi Passed Away

لکھنؤ: اردو زبان و ادب کے معروف و ممتاز قلمکار و نقاد پروفیسر شارب ردولوی نے 91 برس کی عمر میں آج دنیا کو الوداع کہہ دیا اور لکھنؤ کے اپولو اسپتال میں انہوں نے آخری سانس لی۔ پروفیسر ایک ممتاز نقاد کے زمرے میں شمار کیے جاتے ہیں اور شاعری کی دنیا میں شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی پیدائش 01 ستمبر 1935 کو ریاست اتر پردیش میں واقع ردولی کے ایک زمیندار، اور تعلیم یافتہ گھرانہ میں ہوئی تھی۔ ان کے والد اور دادا کا شمار فارسی اور عربی کے بڑے عالموں میں ہوتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

Poet Haseeb Soz Passes Away معروف اردو شاعر حسیب سوز کا انتقال

شارب ردولوی نے لکھنؤ یونیورسٹی سے اردو ادبیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی۔ پروفیسر سید احتشام حسین کی نگرانی میں اپنا تحقیقی مقالہ جدید اردو ادب تنقید کے اصول کے موضوع پر لکھا تھا۔ شارب ردولوی کے اس مقالے کا شمار اہم ترین تنقیدی کتابوں میں کیا جاتا ہے۔ پروفیسر نے دہلی یونیورسٹی کے دیال سنگھ کالج میں اردو کے استاد کی حیثیت سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ 1990 میں جواہر لال یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں بحیثیت ریڈر خدمات انجام دیں اور 2000 میں یہیں سے سبکدوش ہوئے۔

شارب ردولوی کے ادبی سفر کا آغاز شعرگوئی سے ہوا تھا۔ انہوں نے شاندار غزلیں لکھیں۔ لیکن رفتہ رفتہ تنقید نگاری نے ان کی تخلیق کارگزاریوں کو کم سے کم کر دیا۔ شارب ردولوی کی کتابوں کے ناموں میں مراثی انیس میں ڈرامائی عناصر، گل صد رنگ، جگر فن اور شخصیت، افکار سودا، مطالعۂ ولی، تنقیدی مطالعہ، انتخاب غزلیات سودا، اردو مرثیہ، معاصر اردو تنقید مسائل و میلانات اور تنقیدی مباحث شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سینکڑوں مضامین اور مقالے بھی لکھے ہیں۔ جو اب تک منظر عام پر نہیں آئے ہیں۔ پروفیسر شارب ردولوی کے انتقال سے ادبی دنیا میں سوگ کی لہر ہے۔ لکھنؤ کے عباس باغ قبرستان میں آج بعد نماز مغرب سپرد خاک کیے جائیں گے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.