ETV Bharat / state

UP Municipal Election 2023 برقع پوش مسلم خواتین کی ووٹنگ سے قبل شناخت کی جائے، بی جے پی کا مطالبہ

author img

By

Published : May 4, 2023, 12:55 PM IST

بھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کو ریاستی الیکشن کمیشن کو یوپی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں برقعہ پہن کر پولنگ اسٹیشن پہنچنے والی مسلم خواتین کی شناخت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔Women wearing burqa at voting center

اترپردیش بلدیاتی انتخابات
اترپردیش بلدیاتی انتخابات

لکھنؤ: اترپردیش بلدیاتی انتخابات سے صرف ایک دن پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی نے فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی مہم شروع کردی ہے۔ بی جے پی کے سینئر عہدیداروں نے ریاستی الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم پیش کیا ہے، جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ برقع پوش مسلم خواتین کی شناخت کی تصدیق کیے بغیر بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سنجے رائے کی قیادت میں ریاستی الیکشن کمشنر کو میمورنڈم سونپنے والے وفد میں ریاستی نائب صدر ترمبک ترپاٹھی، ریاستی جنرل سکریٹری رام پرتاپ سنگھ، ریاستی وزیر شیو بھوشن سنگھ اور شری اوم پرکاش سریواستو شامل تھے۔ ریاستی جنرل سکریٹری سنجے رائے نے کہا کہ اگر برقع پوش خواتین بغیر شناخت کے ووٹ ڈالیں گی تو فرضی ووٹنگ میں اضافہ کا امکان ہے۔ اسی لیے الیکشن کمیشن پر زور دیا گیا ہے کہ وہ برقع پوش خواتین کی شناخت کو یقینی بنائے تاکہ شفاف اور منصفانہ پولنگ کروائی جا سکے۔

پارٹی نے یہ بھی زور دیا ہے کہ کوئی بھی شخص الیکشن کمیشن سے منظور شدہ شناختی کارڈ پیش کرکے ہی ووٹ ڈالے، تاکہ کسی بھی قسم کی فرضی ووٹنگ کو روکا جاسکے۔ پارٹی نے ریاست میں انتہائی حساس بوتھس پر سیکورٹی کے مناسب انتظامات کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعرات کو ریاست کے 37 اضلاع میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ان اضلاع کے عوام امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا تھا کہ جمعرات کو ہونے والی پولنگ سے قبل اضلاع میں ہر طرح کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کمیشن نے پولنگ کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس فورس اور اعلیٰ افسران کو تعینات کیا ہے۔

مزید پڑھیں:۔ 'برقع اور گھونگھٹ دونوں بند کیے جائیں'

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.