ETV Bharat / state

مظفرنگر: مولانا کلیم صدیقی کے گھر پہنچے بھیم آرمی چیف

author img

By

Published : Oct 7, 2021, 4:20 PM IST

Updated : Oct 7, 2021, 4:53 PM IST

آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر اور بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر مولانا کلیم صدیقی کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر
بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر

بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر نے ایک وفد کے ساتھ اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے گاؤں پھلت میں واقع مولانا کلیم صدیقی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران چندر شیکھر نے کہا کہ آزاد سماج پارٹی اس مشکل گھڑی میں مولانا کلیم صدیقی کے اہل خانہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑی ہے۔ آزاد سماج پارٹی قانون کے دائرے میں رہ کر ہر ممکن مدد کرے گی۔

بھیم آرمی کے چیف چندر شیکھر

انہوں نے کہا کہ مولانا کلیم صدیقی صاحب کی گرفتاری اے ٹی ایس کے ذریعے جلد بازی میں کی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ مولانا صاحب جلد ہی باعزت بری ہوکر ہم سب کے درمیان ہوں گے۔

بھیم آرمی چیف نے مزید کہا کہ 'حکومت 2022 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس طرح کے ہتھکنڈے اپنارہی ہے جس سے دو فرقوں میں تلخیاں ہوں اور اُن کی سیاست چمک سکے۔ حکومت خاص طور سے مسلم اور پسماندہ لوگوں کو پریشان کرنے کا کام کررہی ہے اس کا جواب آنے والے 2022 کے انتخابات میں ضرور ملے گا۔

اس کے علاوہ لکھیم پور واقعہ پر آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر نے کہا کہ 'لکھیم پور تشدد ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ سچ چھپانے کے لیے اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کو لکھیم پور جانے سے روکا جارہا ہے۔ ہمیں بھی روکا گیا لیکن ہم موٹر سائیکل کے ذریعے 8 گھنٹے کا سفر طے کرکے لکھیم پور تشدد متاثرین خاندان سے ملے اور انہیں ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔

آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر نے لکھیم پور واقعہ کو سوچی سمجھی سازش بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جو کسان عوام کو کھانے کے لیے روٹی دے رہے ہیں انہیں پر گاڑیاں چلائی جارہی ہیں۔

چندر شیکھر نے کہا کہ ایک اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ لکھنؤ میں آزادی کا امرت مہوتسو منارہے ہیں دوسری جانب سے بے قصور کسانوں پر تشدد ہورہا ہے، جو کسان کھانے کو روٹیاں دیتا ہے انہیں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، گاڑیاں چڑھائی جارہی ہیں اس کا جواب آنے والے اتر پردیش اور ہریانہ اسمبلی انتخابات میں عوام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لکھیم پور واقعے میں ملوث ملزمین کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور متاثرین کو انصاف دلایا جائے۔

Last Updated : Oct 7, 2021, 4:53 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.