ETV Bharat / state

Dogs In AMU campus اے ایم یو کیمپس سے اب تک دس آوارہ کتوں کو پکڑا گیا

author img

By

Published : Apr 19, 2023, 10:30 AM IST

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں اتوار کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا تھا جہاں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی جس کے خلاف طلبا نے احتجاج کرتے ہوئے کیمپس کو جنگلی کتوں سے محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

اے ایم یو کیمپس سے دس آوارہ کتے پکڑے گئے

علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سر سید ہاؤس میں اتوار کے روز صبح ایک دردناک واقعہ پیش آیا جہاں کتوں کے حملے میں ایک 65 سالہ ریٹائرڈ ڈاکٹر صفدر علی کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد کیمپس کو جنگلی کتوں سے محفوظ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ علی گڑھ میونسپل کارپوریشن کی تین ٹیموں نے کیمپس میں 10 کتوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ کتے پکڑنے والی ٹیمیں طلباء و طالبات کے اقامتی ہالوں میں اس طرح کی مزید مہم چلائیں گی جن میں طالبات کا عبداللہ ہال بھی شامل ہے۔ یونیورسٹی کیمپس میں کتوں کی بڑھتی ہوئی مصیبت پر غور و خوض کے لیے اے ایم یورجسٹرار محمد عمران کے دفتر میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں یونیورسٹی کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی جعفر عابدی، ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر عبدالعلیم، پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی، انچارج صحت افسر علی گڑھ منوج کمار نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عابدی نے بتایا کہ کتے پکڑنے والی ٹیموں نے سرسید ہاؤس، آر سی اے ہاسٹل، وائلڈ لائف سائنسز شعبہ، ایم ایم ہال اور میڈیکل کالونی کے علاقوں میں اپنی مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ علیگڑھ میونسپل کارپوریشن کے حکام نے یقین دلایا ہے کہ یونیورسٹی کیمپس میں وقتاً فوقتاً کتوں کو پکڑنے کی کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سرسید ہاؤس میں اتوار کے روز صبح بعد نماز فجر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا جہاں فجر کے بعد چہل قدمی کرنے آئے شخص کو کتوں کے ایک جھنڈ نے گھیر کر حملہ کردیا۔ کتوں نے اس قدر کاٹا کہ اس شخص کی موت ہوگئی۔ حملہ کے دوران اس شخص نے بھاگنے کی بہت کوشش کی لیکن کتوں نے اسے نوچ ڈالا، اس شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے جس کے بعد یونیورسٹی طلباء و طالبات نے یونیورسٹی باب سید پر جنگلی کتوں کے حملے کے خلاف احتجاج کیا تھا اور کیمپس کو جنگلی کتوں سے کیمپس کو محفوظ کرنے کا مطالبہ کیا۔

جنگلی کتوں کے حملے میں ڈاکٹر صفدر علی کی موت کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے کیمپس سے جنگلی کتوں کو پکڑنے کے لئے علیگڑھ میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا جس کے بعد یونیورسٹی کیمپس سے کتوں کو پکڑا گیا اور یونیورسٹی کے گیٹوں پر تعینات پراکٹوریئل ٹیم بھی ڈنڈوں کی مدد سے کیمپس میں کتوں کو داخل ہونے سے روک رہی ہے تاکہ دوبارہ کوئی دوسرا واقعہ پیش نہ آئے۔ یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے کیمپس سے جنگلی کتوں کو پکڑنے سے متعلق صحافیوں کو بتایا کہ علیگڑھ میونسپل کارپوریشن کو خط لکھنے کے بعد کیمپس سے جنگلی کتوں کو پکڑا جا رہا ہے۔ جنگلی کتوں کے حملے میں صفدر علی کی موت پر یونیورسٹی کو افسوس ہے۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے پراکٹر نے بتایا کہ پراکٹوریئل ٹیم کے پاس ڈیوٹی کے دوران سیٹی اور ڈھنڈا رہتا ہے کیونکہ وہ رات میں بھی ڈیوٹی کرتے ہیں اور ضرورت کے دوران ڈھنڈے کا استعمال کرتے ہیں صرف جنگلی کتوں کو بھگانے کے لئے ڈھنڈے سیکورٹی گارڈ کے پاس نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: Dogs Attack in AMU اے ایم یو میں کتوں کے حملے میں ایک شخص کی موت

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.