ETV Bharat / state

Urdu Journalist حیدرآباد کے سرکردہ اردو صحافی نسیم عارفی کا انتقال

author img

By

Published : Aug 19, 2023, 5:23 PM IST

حیدرآباد کے معروف صحافی نسیم عارفی کی صحافتی خدمات تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط تھی۔ مخصوص طرز تحریر کی وجہ سے اردو صحافتی حلقوں میں وہ سرکردہ مقام کے حامل تھے۔ انہوں نے روزنامہ رہنمائے دکن سے اپنی صحافتی خدمات کا آغاز کیا تھا۔

حیدرآباد کے سرکردہ اردو صحافی نسیم عارفی کا انتقال
حیدرآباد کے سرکردہ اردو صحافی نسیم عارفی کا انتقال

حیدرآباد: حیدرآباد کے سرکردہ اردو صحافی جناب نسیم عارفی کا انتقال ہوگیا۔ ان کی صحافتی خدمات تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط تھی۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔ ان کے انتقال کی اطلاع پر نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان بھر کے اردو صحافتی گوشوں میں صدمہ کی لہر دوڑگئی۔ مخصوص طرز تحریر کی وجہ سے اردو صحافتی حلقوں میں وہ سرکردہ مقام کے حامل تھے۔ انہوں نے روزنامہ رہنمائے دکن سے اپنی صحافتی خدمات کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وہ روزنامہ سیاست سے وابستہ ہوئے، جہاں پر اداریہ لکھنے کا بھی انہیں اعزاز حاصل تھا۔ ان کی گوناگوں صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے خان لطیف خاں مرحوم نے منصف اخبار کی نئی صورت گری میں ان کا انتخاب کیا تھا۔

عارفی نے روزنامہ منصف کے ہر دن نئے سپلیمنٹ اور اخبار کی تخلیقی سرخیوں کے ذریعہ ہندوستان میں اردو صحافت کو ایک نیا رخ دیا تھا۔ تقریباً سات سال تک منصف کو اردو صحافت کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے بعد انہوں نے روزنامہ اعتماد سے اس کی ابتداء سے ہی وابستگی اختیار کرلی۔ جہاں انہوں نے شبانہ روز مساعی کے ذریعہ روزنامہ اعتماد کو نئے قالب میں پیش کیا، جس کا تصور محال تھا۔ یہاں بھی انہوں نے یومیہ سپلیمنٹ کو قارئین کی دلچسپی کا ذریعہ بنایا۔

مزید پڑھیں: روزنامہ سیاست کے منیجنگ ایڈیٹر ظہیر الدین علی خان کا انتقال

عارفی تخلیقی و تحقیقی صحافت کے حامل تھے۔ وہ روایتی خبروں کو صحافت کے لئے موت تصور کرتے تھے۔ انہیں مختلف یونیورسٹیوں میں صحافت پر لکچر کے لئے بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ان کی زندگی سے جڑی اہم یادوں میں ای ٹی وی اردو سے ان کی وابستگی بھی شامل ہے۔ رامو جی راؤ نے جب ای ٹی وی اردو کی حیدرآباد میں شروعات کی تو اردو صحافت کی جن شخصیات پر ان کی نظر پڑی ان میں نسیم عارفی بھی شامل تھے۔ انہیں کئی ایوارڈس اور اعزازات بھی ملے۔

نماز جنازہ ہفتہ کو بعد نماز عشاء مدینہ مسجد بانونگر، واٹر ٹینک روڈ، سنتوش نگر میں ادا کی جائے گی اور تدفین قریبی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین فرزندان اور دو دختران شامل ہیں۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.