سری نگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے برف باری کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 5 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ Snowfall Forecast in Kashmir
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 9 سے13 دسمبر تک برف باری کے دو مرحلے متوقع ہیں۔ محکمے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں برف باری کا یہ سلسلہ 9 دسمبر کی شام سے شروع ہو کر 10 دسمبر کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ بالائی علاقوں خاص کر کپوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور بڈگام کے بالائی علاقوں، گاندربل، پیر کی گلی کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Kashmir Weather Update پہلگام میں سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں موسم خشک رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ہواؤں کی ایک اور کمزور لہر 12 دسمبر کو وارد وادی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں وادی کے کچھ علاقوں میں 12 اور13 دسمبر کو ہلکی برف باری کا امکان پے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں بعد ازاں17 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی