ETV Bharat / state

حریت کا رمضان سے قبل تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

author img

By

Published : Apr 5, 2021, 5:49 PM IST

رمضان سے قبل تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حریت کا مطالبہ
رمضان سے قبل تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حریت کا مطالبہ

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حریت چیئرمین میرواعظ ڈاکٹرمولوی محمد عمر فاروق کی نظر بندی کو آج پورے 20 مہینے مکمل ہو رہے ہیں۔ موصوف کو 4 اگست 2019 کو خانہ نظر بند کردیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'حریت چیئرمین کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کے خلاف بار بار آواز بلند کی جا رہی ہے اور مختلف حلقوں سے میرواعظ کی رہائی کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم حکام کی جانب سے میرواعظ کی مسلسل اور لگاتار نظر بندی سے موصوف کے جملہ بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے جو حد درجہ افسوسناک ہے۔'

حریت نے کہا کہ چونکہ مقدس ماہ رمضان کی آمد آمد ہے اور میرواعظ کی مسلسل نظر بندی سے عوام کے دینی جذبات بُری طرح مجروح ہو رہے ہیں اس لیے حکام کو چاہیے کہ وہ میر واعظ سمیت تمام سیاس نظر بندوں اور نوجوانوں جنہیں جموں کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں مقید رکھے گئے ہیں، کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ میرواعظ کشمیر چونکہ جموںوکشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما ہیں اور وہ ماہ رمضان المبارک میں صدیوں پر محیط روایات کے مطابق اپنے اسلاف کی طرز عمل پر قائم رہ کر جا بجا وعظ و تبلیغ اور معاشرے کی اصلاح و تطہیر کے لیے دینی اور اصلاحی مجالس آراستہ کرتے رہے ہیں۔ لہٰذا موصوف کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی منصبی ذمہ داریاں احسن طریقے پر انجام دے سکیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.