ETV Bharat / state

کشمیر میں 27 جولائی سے بارش کی پیش گوئی

author img

By

Published : Jul 26, 2021, 4:26 PM IST

کشمیر میں جہاں پیر کے روز موسم خشک مگر ابر آلود رہا وہیں جموں میں صبح سے ہی موسلادھار بارشیں ہوئیں جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

کشمیر میں 27 جولائی سے بارش کی پیش گوئی
کشمیر میں 27 جولائی سے بارش کی پیش گوئی

محکمۂ موسمیات نے خشک مگر ابر آلود موسم کے بیچ منگل سے وادیٔ کشمیر میں بارشوں کا ایک اور مرحلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کردی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے خطہ کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جب کہ صوبہ جموں میں درمیانی درجے کی بارش ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 27 سے 30 جولائی تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں صوبے کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی ریلے اور مٹی کے تودے گرسکتے ہیں۔

دریں اثنا وادی کشمیر میں جہاں پیر کے روز موسم خشک مگر ابر آلود رہا وہیں جموں میں صبح سے ہی موسلادھار بارشیں ہوئیں جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ دوسری جانب جموں میں پیر کی صبح سے ہی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے جہاں سڑکیں زیر آب ہو گئیں وہیں پانی مکانوں میں بھی گھس آیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں کی سڑکوں پر جمع پانی سے جہاں پیدل سفر کرنے والوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا وہیں گاڑیاں بھی بمشکل ہی چل پارہی ہیں۔ جموں شہر کے پائین علاقوں بشمول بھگوتی نگر، تالاب تلو، جیول چوک، راجیندر نگر، قاسم نگر، وینائک بازار، ڈوگری چوک، گاندھی نگر، سینک کالونی، گرین بلٹ وغیرہ میں پانی مکانوں میں بھی گھس آیا جس سے مکینوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: جموں میں شدید بارش

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع ریاسی کی ترکوٹہ پہاڑیوں جہاں شری ماتا ویشنو دیوی مندر واقع ہے، میں گہری دھند کی وجہ سے ہیلی کاپٹر خدمات متاثر ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دریاؤں بشمول دریائے توی میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے تاہم بارشوں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی فی الوقت کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

پولیس نے ناساز موسمی حالات کے پیشِ نظر لوگوں سے سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتیاط کرنے کی تاکید کی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.