ETV Bharat / state

Droupadi Murmu in Kashmir: نوجوانوں کے امن کا راستہ اختیار کرنے میں قوم کی ترقی مضمر، دروپدی مرمو

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 11, 2023, 4:36 PM IST

نوجوانوں کے امن کا راستہ اختیار کرنے میں قوم کی ترقی مضمر، دروپدی مرمو
نوجوانوں کے امن کا راستہ اختیار کرنے میں قوم کی ترقی مضمر، دروپدی مرمو

صدر ہند دروپدی مرمو کشمیر کے دو روزہ دورے پر بدھ کو سرینگر ائرپورٹ پہنچی، جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ سرینگر میں واقع فوج کے 15 کور ہیڈ کوارٹر پہنچیں جس کے بعد انہوں نے کشمیر یونیورسٹی کا رخ کیا اور 20ویں کنووکیشن میں شرکت کی اور طلبہ سے خطاب بھی کیا۔

نوجوانوں کے امن کا راستہ اختیار کرنے میں قوم کی ترقی مضمر، دروپدی مرمو

سرینگر (جموں و کشمیر): بھارتی صدر دروپدی مرمو نے بدھ کے روز کہا کہ ’’اگر نوجوان ’امن، خوشحالی اور نظم و ضبط‘ کا راستہ اختیار کریں گے تو ہی قوم ترقی کرے گی۔‘‘ صدر مرمو نے کشمیر یونیورسٹی کے 20 ویں کنویکیشن میں اپنی تقریر میں کہا کہ ’’جب زیادہ سے زیادہ نوجوان امن اور خوشحالی پر گامزن ہونگے تو ہی قوم مزید ترقی کرے گی۔‘‘ انہوں نے کہا قوم کی ترقی نوجوانوں کے نظم و ضبط کی پیروی میں مضمر ہے۔ یاد رہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو بدھ کو کشمیر کے دو روزہ دورے پر سرینگر پہنچیں جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

’’یہء چھَ موج کشیٖر‘‘ (یہ دھرتی ماں کشمیر ہے) صدر مرمو نے ان ہی الفاظ سے یونیورسٹی میں خطاب کا آغاز کیا، جس کا تالیوں کی گرج کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ صدر مرمو نے کشمیر یونیورسٹی میں اپنے خطاب کے دوران کہا: ’’میں یہاں آ کر خوش ہوں، میں نے بہت ساری گریجویشن سیرمنیز میں شرکت کی ہے اور ملک بھر کے کئی کالجز اور یونیورسٹیز میں شرکت کی ہے، لیکن میں نوجوانوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ کیمپس دوسروں سے زیادہ خوبصورت ہے۔ حضرت بل (درگاہ) کی برکات کشمیر یونیورسٹی پر ماضی میں بھی سایہ فگن رہی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ ایک مقامی نوجوان کفایت اللہ کو نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں 2023 میں یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت کرنے اور ان کے سماجی کاموں کے لیے ایک ایوارڈ سے نوازتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ صدر نے کہا، ’’میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء کو سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم میں حصہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں تاکہ کمیونٹی میں تبدیلی آئے۔‘‘

مرمو کے مطابق ’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ٹاپ سکور کرنے والوں میں 55 فیصد لڑکیاں ہیں۔ 462 طالب علم تھے اور ان میں سے 21 نے گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔ ہر شعبے میں ہماری خواتین اور لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ہماری تصدیر اور تقدیر آج کے ایوارڈز کے وصول کنندگان ہیں۔‘‘ مرمو نے معروف کشمیری کہاوت ’اَن پوشہء تیلہِ ییلہِ وَن پوشہِ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت اور کشمیر کو دیے گئے قدرتی تحفوں کی قدر اور ان کے تحفظ پر زور دیا۔ مرمو نے کہا: ’’ماحول کو بچانا ہمارا فرض ہے اور نوجوانوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ میرے علم میں آیا ہے کہ ماحولیات کے حوالہ سے کہ کئی محاذوں پر بہت سے مطالعے، تحقیقات کی جا رہی ہے اور کشمیر یونیورسٹی ہمالیہ کے گلیشیئرز کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔‘‘

قومی تعلیمی پالیسی کو جموں و کشمیر میں مکمل طور پر نافذ کیے جانے پر صدر نے اس عمل کو دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ایک مثال قرار دیتے ہوئے یو ٹی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کی ستائش کی۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے ہر فرد کے خوشحال مستقبل کی بھی خواہش ظاہر کی۔ کشمیر یونیورسٹی کے 20ویں کنووکیشن کے دوران 17 لڑکیوں سمیت 21 طلباء کو گولڈ میڈل پیش کئے گئے۔

مزید پڑھیں: ?Mehbooba Mufti in Detention: صدر ہند کا کشمیر دورہ، محبوبہ مفتی خانہ نظر بند؟

قبل ازیں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنی تقریر میں جموں و کشمیر کی خواتین اور کشمیر یونیورسٹی کی صلاحیتیوں کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا۔ منوج سنہا نے ایوارڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مخاطب ہو کر کہا: ’’55 فیصد لڑکیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، یہ جموں و کشمیر کی ناری شکتی ہے۔‘‘ انہوں نے کشمیر یونیورسٹی کے طلباء کی ترقی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔

یاد رہے کہ بدھ کی صبح صدر مرمو سرینگرہوائی اڈے پر پہنچی تھی، وہاں ایل جی منوج سنہا نے ان کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ مرمو، جنگی یادگار پر فوت ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہوائی اڈے سے سرینگر میں قائم فوج کے 15 کور ہیڈ کوارٹر پہنچیں۔ بعد ازاں مرمو نے کشمیر یونیورسٹی کا رخ کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.