ETV Bharat / state

Tribute To Hazrat Abu Bakr RA حضرت ابوبکر صدیق ؓ کا یوم وصال، میرواعظ کا خراج

author img

By

Published : Jan 14, 2023, 8:45 PM IST

میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے جانشین رسول اکرم ﷺ خلیفتہ المسلمین سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وصال پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بتادیں کہ خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا یوم وفات 15 جنوری یعنی 22جمادی الثانی کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

سرینگر:انجمن اوقاف جامع مسجد اور مسلسل نظر بند صدر انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے جانشین رسول اکرم ﷺ،خلیفتہ المسلمین سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وصال کی مناسبت سے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انجمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت صدیق اکبر خلیفہ بلا فصل اور امت میں افضل البشر اور اولین صحابی رسول ہے،جنہوں نے پوری زندگی دین اسلام ، تحریک اسلام، اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پر عملاً نچھاور کرکے ایک ایسی مثال قائم کی ہے، جس کی تاریخ انسانیت میں کوئی نظیر نہیں مل سکتی۔

قابل ذکر خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا یوم وفات 15جنوری یعنی 22جمادی الثانی کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا ۔اس مناسبت سے خاص تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے،جس میں مقررین خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق کے فضائل ومناقب اور سیرت و کردار پر روشنی ڈالے گے۔ سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا آنحضرت ﷺ سے غیر معمولی عشق و محبت کا تعلق تھا۔ اسی تعلق کا ثمر ہے کہ آپ کو آنحضرت ﷺسے وہ نسبتیں حاصل ہوئیں جو آپ کے سوا کسی اور کا مقدر نہ بن سکیں۔

آپ کا مزاج اور طبیعت و فطرت آنحضرت ﷺ سے اس قدر مشابہ تھا کہ پہلی وحی نبوت کے نزول کے وقت آپ ﷺکو تسلی دیتے ہوئے ام المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓنے آپ کے جن اوصاف و کمالات کا ذکر فرمایا، یہی صفات اور خوبیاں حضرت ابوبکرؓ میں بھی نظر آتی ہیں۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ آنحضرت ﷺسے عمر میں دو یا تین برس چھوٹے تھے اور زمانہ نبوت سے قبل ہی دونوں حضرات آپس میں گہرے دوست تھے۔

ساتھ رہنے کی بناء پر حضرت ابوبکرؓ آپ ﷺسے اچھی طرح واقف تھے، اس لئے آپ کے نبوت سے سرفراز ہونے کے بعد حضرت ابوبکرؓ کو اسلام قبول کرنے میں ذرا بھی تأمل نہیں ہوا اور بلاجھجک آزاد مردوں میں سب سے پہلے ایمان لاکر آپ زبانِ رسالت سے ’’صدیقؓ‘‘ کے لقب سے مشرف ہوئے۔ رسول اللہ ﷺنے ایک بار ارشاد فرمایا کہ اگر میں کسی کو اپنا خلیل بناتا تو ابوبکرؓ کو بناتا، لیکن میرا خلیل صرف اللہ تعالیٰ ہے۔

مزید پڑھیں: Mirwaiz Detention میرواعظ کی نظر بندی لوگوں کیلئے باعث اضطراب ، انجمن اوقاف

حضرت ابوبکر صدیق ؓکی خلافت 632ء سے 634ء تک جاری رہی آپ ؓ نے 22 جمادی الثانی کو وفات پائی آپ کو حضور نبی کریم ﷺ کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.