ETV Bharat / state

Separatist leader Shabir Shah Bail Plea: شبیر شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 ستمبر تک ملتوی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 13, 2023, 12:45 PM IST

دہلی ہائی کورٹ میں کشمیری علیٰحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔ شاہ کے وکیل نے عمر کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی ضمانت کے لیے دلائل دیے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

سرینگر (نیوز ڈیسک) : دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو کشمیری علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ شبیر شاہ کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے 2017 میں ’’دہشت گردی سے متعلق فنڈنگ کیس‘‘ میں گرفتار کیا تھا۔ شاہ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کولن گونسالویس نے دلیل دی کہ 74 سالہ شبیر شاہ پہلے ہی چھ سال سے زائد عرصہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزار چکے ہیں اور انہیں یونین آف انڈیا بمقابلہ کے اے نجیب کیس میں سپریم کورٹ کے 2021 کے فیصلے کی بنیاد پر ضمانت دی جانی چاہیے۔

کولن گونسالویس نے بتایا کہ شاہ کا نام مین چارج شیٹ میں نہیں تھا اور پہلی سپلیمنٹری چارج شیٹ میں بھی نہیں تھا، بلکہ دوسری چارج شیٹ میں تھا۔ شاہ کے وکیل نے مزید کہا کہ ان کے خلاف کوئی گواہ یا مواد جیسا پختہ ثبوت نہیں ہے۔ کیس میں 400 گواہوں میں سے 15 پر جرح کی گئی۔ ہائی کورٹ نے این آئی اے کی جانب سے پیش ہونے والے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اکشے ملک سے ان دستاویز کے بارے میں پوچھا جو انہیں آج ریکارڈ پر رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

این آئی اے کے وکیل نے ان تمام دستاویز کی تالیف کی رپورٹ داخل کرنے کے لیے اضافی وقت مانگا جن پر وہ کیس میں انحصار کر رہے تھے۔ ہائی کورٹ نے این آئی اے کو ریکارڈ پر کچھ متعلقہ دستاویز داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا اور معاملے کی سماعت 22 ستمبر کو مقرر کی۔

مزید پڑھیں: میرے والد جیل میں شدید بیمار ہیں: شبیر شاہ کی دختر

قابل ذکر ہے کہ 7 اگست کو شاہ کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے این آئی اے کو نوٹس جاری کیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے حکم کے خلاف شاہ کی طرف سے دائر اپیل کی سماعت کی جس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ جسٹس سدھارتھ مردول اور جسٹس انیش دیال کی ڈویژن بنچ نے ملزم کی جانب سے ضمانت سے انکار کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف دائر اپیل پر این آئی اے کو نوٹس جاری کیا تھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.