ETV Bharat / state

کشمیر کے لاوارث بچوں کو مل رہا ہے سہارا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 21, 2023, 8:33 PM IST

پھلواری مراکز میں ’لاوارث‘ بچوں کی کفالت کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی طرح ان نومولود کا بھی خیال رکھتی ہیں۔

کشمیر کے لاوارث بچوں کو مل رہا ہے سہارا
کشمیر کے لاوارث بچوں کو مل رہا ہے سہارا

کشمیر کے لاوارث بچوں کو مل رہا ہے سہارا

سرینگر (جموں کشمیر) : کشمیر میں نومولود کا سڑکوں کے کنارے پھینکے جانے کا ماضی قریب میں تصور کرنا بھی محال تھا۔ لیکن اب ’’ریشی منیوں کا گڑھ‘‘ کہلانے والی اس وادی میں لاوارث بچوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر حکومت کو بھی ایک مربوط نظام اور حکمت عملی وضع کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اب ان ننہے پھولوں کو بھی سہارا مل رہا ہے۔ انتظامیہ نے اڈاپشن پالیسی مرتب کی ہے جس سے ان لاوارث بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لیے ایک لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ پہ بچے عموماً غیر شادی شدہ جوڑوں کے ہوتے ہیں جو انہیں ہسپتالوں میں یا سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں۔

کشمیر کے ہر ضلع میں لاوارث بچوں کے لئے کفالت کے مراکز بنائے گئے ہیں جن میں سرینگر کا ’’پھلواری‘‘ مرکز سب سے بڑا ہے۔ سپیشلائزڈ اڈاپشن ایجنسی کی سپر انٹنڈنٹ، شفق اعظم متو نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مراکز قائم کرنے سے لاوارث بچوں کو ان ہی کے مراکز میں کفالت کرکے بے اولاد لوگوں کو گود دئے جاتے ہیں۔ انکا مزید کہنا ہے کہ لوگ اب بچوں کو کوڑے دانوں یا نالوں میں پھینکنے کے بجائے ان کی تحویل میں دے رہے ہیں جس سے ان بچوں کو ایک بہتر زندگی مل پا رہی ہے۔

پھلواری مراکز میں خواتین ورکر ان بچوں کو محبت سے پال پوس رہی ہیں اور پیدا ہونے کے دو ماہ بعد، اڈاپشن قانون کے مطابق، بے اولاد جوڑے ان بچوں کو گود لیتے ہیں۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ جب ان بچوں کو کوئی گود لیتا ہے تو وہ کچھ لمحوں کے لئے مایوس ہوتے ہیں لیکن خوشی اس بات کی ہوتی ہے کہ ان کا بھی اب کوئی مستقبل ہے۔

مزید پڑھیں: نومولود بچے کی لاش برامد

اگرچہ حکومت کا یہ قدم کافی سراہا جا رہا ہے، تاہم سماجی کارکنان کا کہنا ہے کہ حکومت کو مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ سماجی کارکن بدر الدجیٰ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ حکومت کو سماجی مقامات پر لاوارث بچوں کے لئے ’’کریڈل‘‘ دستیاب رکھنے چاہئے تاکہ لوگ ان بچوں کو ان ہی میں رکھیں اور بچے موسم یا جانوروں کے عتاب کا شکار نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں شادی شدہ خواتین اور مردوں میں بانجھ پن (Infertility) کی شرح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے تاہم بچوں کی کفالت کے مراکز کے قیام سے ایسے ہی جوڑے یہ بچے گود لیتے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.