ETV Bharat / state

Odisha Train Tragedy کانگریس نے ریلوے وزیر اشونی وشنو سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا

author img

By

Published : Jun 4, 2023, 7:00 PM IST

کانگریس نے ریلوے وزیر اشونی وشنو سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا
کانگریس نے ریلوے وزیر اشونی وشنو سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا

کانگریس نے اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے پر ریلوے کے وزیر اشونی وشنو سے استعفیٰ طلب کیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے پبلسٹی اینڈ میڈیا ہیڈ پون کھیرا نے کہا کہ مجرموں کو سزا دینے کا اعلان کرنے والے وزیر اعظم اس کی شروعات ریلوے کے وزیر سے کریں۔

نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو اوڈیشہ ٹرین حادثے پر ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھارتی ریلوے کی سنگین کوتاہیوں، مجرمانہ لاپرواہی اور حفاظت کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو بھارتی ریلوے اور عوام کے درمیان پیدا ہونے والے انتشار کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

کانگریس لیڈر اور ایم پی شکتی سنگھ گوہل اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے پبلسٹی اینڈ میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیرا نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ اوڈیشہ ٹرین حادثہ سنگین لاپرواہی کی وجہ سے ہوا ہے۔ کھیڑا نے کہا کہ مجرموں کو سزا دینے کا اعلان کرنے والے وزیر اعظم مودی کو اس کی شروعات ریلوے کے وزیر سے کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم واضح طور پر ریلوے کے وزیر اشونی وشنو کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس سے کم کچھ بھی نہیں۔ اس سے پہلے کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم اور وزیر ریلوے کی 'پبلسٹی مہم' کی وجہ سے ریلوے کی سیکورٹی سے سمجھوتہ کیا گیا۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ 'یاد رہے کہ لال بہادر شاستری نے نومبر 1956 میں آریالور ٹرین حادثے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا اور نتیش کمار نے اگست 1999 میں گیسل ٹرین حادثے کے بعد ایسا ہی کیا تھا۔' گوہل اور کھیڑا نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت سے سوال کیا کہ وزیر اعظم مودی ریلوے وزیر وشنو سے استعفیٰ کب طلب کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وشنو کی "زیادہ سے زیادہ تشہیر اور پی آر " نے بھارتی ریلوے میں سنگین خامیوں، مجرمانہ غفلت اور حفاظت کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: Odisha Train Accident اوڈیشہ ٹرین حادثے کی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں جانچ کیلئے عرضی داخل

گوہل اور کھیڑا نے کہا کہ آزاد بھارت کے اس خوفناک ٹرین سانحہ کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے پوچھا کہ کیا صرف نچلی یا درمیانی سطح کے عہدیداروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا یا 'وندے بھارت' ٹرینوں کا سارا کریڈٹ لینے والے شخص کو بھی حفاظتی معیارات کی اس صریح نظر اندازی کے لئے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ کانگریس لیڈروں نے یہ سوال بھی کیا کہ مودی حکومت اس کی جانچ کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کے تصادم کو روکنے کے لیے بہت زیادہ مشہور 'کاوچ' سسٹم کو کب نافذ کرے گی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.