ETV Bharat / state

عوام کے سپورٹ کے بغیر منشیات فروشوں کے خلاف جنگ جیتی نہیں جاسکتی: پولیس سربراہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 15, 2024, 6:17 PM IST

جموں و کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوین
جموں و کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوین

جموں و کشمیر پولیس سربراہ آر آر سوین نے کہا کہ منشیات کے خلاف اور اس کے کاروبار میں ملوث ماسٹر مائینڈس کے خلاف جنگ کو جیتنے کے لئے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ ان لوگوں کے خلاف بھی ہے جو یہاں امن و شانتی کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کپواڑہ: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے منشیات اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف جنگ جاری ہے۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ ہماری جنگ ان لوگوں کے خلاف بھی ہے جو یہاں امن و شانتی کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز کپواڑہ میں عوامی دربار کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'منشیات کے خلاف اور اس کے کاروبار میں ملوث ماسٹر مائینڈس کے خلاف جنگ کو جیتنے کے لئے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہم یہ بات بخوبی سمجھتے ہیں کہ سماج میں تبدیلی لانے کے لئے عوام کا تعاون کس قدر ضروری ہے اور ہم عوام تک پہنچنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں'۔
آر آر سوین نے کہا کہ ہم ان لوگوں میں بھی فرق کرتے ہیں جو منشیات کے اس کاروبار کے ماسٹر مائینڈ ہیں اور جو زمینی سطح پر پیادوں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 'میرے افسراں ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کے تعاون کے بغیر کام نہیں کر سکتے ہیں یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے کہ پولیس ایک خدمت کرنے والا ادارہ ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم عوام کے تعاون کے مشکور ہیں اور یہ صرف میری زبان سے نکلنے والی بات نہیں بلکہ دل سے نکلنے والی بات ہے'۔
موصوف ڈی جی پی نے کہا کہ اسپیشل پولیس افسر (ایس پی اوز) بھی پولیس خاندان کا حصہ ہیں اور ہم ان کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 'ہم ہمیشہ ایس پی اوز، ان کے خاندانوں اور بچوں کو پولیس کی مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعے مدد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں باقاعدہ پولیس کے تحت شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ہم نے مختلف مواقع پر کی بھی ہے'۔

مزید پڑھیں:

نوجوانوں کی عسکری صفوں میں شمولیت، والدین رہیں چوکنا: ڈی جی پی سوین


عوامی دربار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب وہ اسٹیشن ہیڈکوارٹر سے باہر نکل کر ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کا پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا مقصد لوگوں کو راحت فراہم کرنی ہے اور ایسے پروگراموں کے ذریعے ان کی شکایات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ لوگ بہت سارے مسائل سے دو چار ہیں'۔
(یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.