ETV Bharat / state

SIU Raid In Kulgam ایس آئی یو نے کولگام میں حزب سے وابستہ سرگرم عسکریت پسند کے گھر کی تلاشی لی

author img

By

Published : May 6, 2023, 8:02 PM IST

siu-raids-house-of-active-hizb-commander-in-kulgam
ایس آئی یو نے کولگام میں حزب سے وابستہ سرگرم عسکریت پسند کے گھر کی تلاشی لی

ایس آئی یو کولگام نے چک ڈیسن یاری پورہ میں سرگرم عسکریت پسند فاروق احمد بٹ عرف نالی کے والد عبدالغنی بٹ کے رہائشی احاطے کی تلاشی لے لی۔فاروق بٹ کالعدم عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ہے اور وہ کئی مقدموں میں مطلوب ہے۔

کولگام: جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو) نے ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں حزب المجاہدین سے وابستہ ایک سرگرم عسکریت پسند کے گھر پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ایس آئی یو کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی یو کولگام نے ہفتے کے روز چک ڈیسن یاری پورہ میں سرگرم عسکریت پسند فاروق احمد بٹ عرف نالی کے والد عبدالغنی بٹ کے رہائشی احاطے کی تلاشی لے لی۔

انہوں نے کہا کہ فاروق بٹ کالعدم عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ سرگرم جنگجو ہے اور وہ کئی مقدموں میں مطلوب ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد خصوصی جج کولگام کی طرف سے پولیس اسٹیشن یاری پورہ کولگام میں درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 142/2019 کے معاملے میں تلاشی وارنٹ جاری کئے جانے کے بعد یہ تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ بیان کے مطابق یہ کیس سال 2019 میں کٹروسہ کولگام میں پانچ غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت کے متعلق ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایس آئی یو اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے اور مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تلاشی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل قومی تحقیقاتی ایجنسی نے جموں و کشمیر میں ’دہشت گردی کی فنڈنگ‘ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے خلاف دائر کئے گئے ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں کشمیر کے بارہمولہ اور جموں کے کشتواڑ ضلع میں سولہ مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ این آئی اے کے ایک ترجمان کے مطابق ان چھاپوں میں قابل اعتراض مواد بشمول الیکٹرانک آلات ضبط کئے گئے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.