ETV Bharat / state

بی جے پی نے ملک کے سبھی اداروں کو یرغمال بنالیا ہے: محبوبہ مفتی

author img

By

Published : Aug 21, 2021, 5:59 PM IST

سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار سے ’’جموں و کشمیر کا چھینا ہوا تشخص‘‘ واپس لوٹانے کی اپیل کی۔

بی جے پی نے ملک کے سبھی اداروں کو یرغمال بنا لیا ہے: محبوبہ مفتی
بی جے پی نے ملک کے سبھی اداروں کو یرغمال بنا لیا ہے: محبوبہ مفتی

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بی جے پی نے ملک کے سبھی اداروں کو یرغمال بنا لیا ہے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے بی جے پی سے دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ’’اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے ابھی بھی وقت ہے مرکزی سرکار ہوش کے ناخن لے اور فوراً سے پیشتر جموں و کشمیر کا چھینا ہوا تشخص واپس لوٹائے۔‘‘

محبوبہ مفتی نے کہا: ’’مرکزی سرکار نے غیر آئینی اور غیر اخلاقی طور پر دفعہ 370 کو منسوخ کرکے یہاں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنان اور طلبہ پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ شروع کیا جو ابھی بھی جاری ہے۔‘‘

انہوں نے مرکزی سرکار سے مذاکرات شروع کیے جانے سے متعلق کہا: ’’افغانستان میں بھی سپر پاور ملک کو بالآخر مذاکرات کا ہی سہارا لینا پڑا۔ بھارت کی سرکار کو بھی یہ جاننا چاہئے کہ مسئلۂ کشمیر کا حل صرف بات چیت میں ہی مضمر ہے۔‘‘

عوامی جلسے سے خطاب کے بعد محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’’مرکزی سرکار دھونس دباؤ سے کام لے رہی ہے، ابھی بھی کشمیر کے سیاسی کارکنان اور طلبہ مختلف جیلوں میں قید ہیں۔‘‘

انہوں نے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بے جے پی نے ملک کے سبھی ادارے اور ایجنسیز کو یرغمال بنالیا ہے، جن کے ذریعے سیاسی حریفوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ ’’کیا افغانستان کی بدلتی صورتحال کا اثر جموں و کشمیر کی سیاست پر پڑے گا؟‘‘ محبوبہ مفتی نے خاموشی اختیار کرلی۔

مزید پڑھیں: راکیش پنڈتا کی ہلاکت میں ملوث عسکریت پسند انکاؤنٹر میں ہلاک: آئی جی پی کشمیر

روشنی ایکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’بی جے پی نے روشنی ایکٹ کو اس وجہ سے بند کردیا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے سیاسی لیڈران خود گھوٹالے میں ملوث ہیں۔‘‘

جنوبی کشمیر میں حالیہ دنوں سیاسی کارکنان پر ہوئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’سیاسی کارکن خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھنے والا ہو، اس طرح کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.