ETV Bharat / state

BJP JK Core Group Meet in Delhi: جموں و کشمیر بی جے پی کی پارٹی ہائی کمان کے ساتھ دہلی میں میٹنگ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 25, 2023, 2:26 PM IST

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بڑھتے مطالبے اور مذہبی رہنماؤں، مبلغین کی جیل سے رہائی کے بیچ بی جے پی ہائی کمان نے جموں و کشمیر (بی جے پی) کور گروپ لیڈران کو میٹنگ کے لئے دہلی طلب کیا ہے۔ JK Assembly Elections

جموں و کشمیر بی جے پی کی پارٹی ہائی کمان کے ساتھ دہلی میں میٹنگ
جموں و کشمیر بی جے پی کی پارٹی ہائی کمان کے ساتھ دہلی میں میٹنگ

جموں (جموں کشمیر) : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہائی کمان نے جموں کشمیر بی جے پی یونٹ کور گروپ کے لیڈران کو اچانک دہلی طلب کیا ہے۔ جموں و کشمیر بی جے پی کور گروپ کے لیڈران دہلی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرنے کی غرض سے قومی دارالحکومت روانہ ہوئے۔ جموں کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر کویندر گپتا نے میٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میٹنگ اتوار کی شام اچانک طلب کی گئی، ایسے میں پارٹی لیڈروں کو دہلی روانہ ہونے کے لیے فوراً تیاری کرنی پڑی۔‘‘ تاہم بی جے پی لیڈر کویندر گپتا نے اچانک طلب کی گئی اس میٹنگ کا ایجنڈا واضح نہیں کیا۔

اس میٹنگ میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت دیگر سینئر بی جے پی قائدین شرکت کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کشمیر میں مذہبی رہنماؤں کی قید سے رہائی کے پس منظر میں یہ میٹنگ طلب کی گئی ہے اور اس میٹنگ میں، ذرائع کے مطابق، بی جے پی ہائی کمان وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں خاص کر کالعدم قرار دی گئی مذہبی جماعت ’’جماعت اسلامی‘‘ پر عائد پابندی کو ہٹانے اور انہیں مین اسٹریم سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے کی اجازت پر جموں کشمیر بی جے پی لیڈروں سے مشورہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: No Division in BJP JK: شکایات ضرور ہیں تاہم پارٹی میں پھوٹ نہیں، بی جے پی لیڈر

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر میں بی جے پی کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں، ریاست میں بی جے پی سے عوام کی توقعات اور پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ میٹنگ میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے جموں و کشمیر بی جے پی لیڈران میں ریاستی صدر رویندر رینہ، ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول، سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، کویندر گپتا، سنیل شرما، وبود گپتا، سینئر لیڈر دیویندر سنگھ بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جو اس وقت دہلی میں ہے، بھی اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کا مسئلہ ہر روز اٹھایا جا رہا ہے اور ایسے میں قومی دارالحکومت دہلی میں بی جے پی کے کور گروپ کے ساتھ ہائی کمان کی میٹنگ کو اہم مانا جا رہا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.