ETV Bharat / state

کشمیر: ڈرون کی نگرانی میں فل ڈریس ریہرسل

author img

By

Published : Jan 24, 2020, 8:34 PM IST

Updated : Feb 18, 2020, 7:02 AM IST

جموں وکشمیر کے دونوں دارالحکومتوں سرینگر اور جموں میں جمعہ کے روز سخت ترین حفاظتی حصار اور ڈرون کیمروں کی نگرانی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔

کشمیر: فل ڈریس ریہرسل ڈرون کیمروں کی نگرانی میں
کشمیر: فل ڈریس ریہرسل ڈرون کیمروں کی نگرانی میں

اس کے علاوہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی سخت سکیورٹی انتظامات کے بیچ یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا۔
سرینگر کے ہائی سکیورٹی زون سونہ وار میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم اور مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر بالترتیب ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈویژنل کمشنر جموں نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔

کشمیر: فل ڈریس ریہرسل ڈرون کیمروں کی نگرانی میں
کشمیر: فل ڈریس ریہرسل ڈرون کیمروں کی نگرانی میں

شیر کشمیر اسٹیڈیم سرینگر میں منعقدہ ریہرسل تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے پریڈ میں حصہ لیا۔

فل ڈریس ریہرسل کی اس تقریب، جس کی مانیٹرنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے کی گئی، میں فنکاروں اور طالب علموں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔

فل ڈریس ریہرسل کی تقریب میں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقع پر کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار اور دیگر سینئر سول و پولیس عہدیدار موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق فل ڈریس ریہرسل کے دوران شیر کشمیر اسٹیڈیم کی طرف جانے والے روڑ کو ٹی آر سی اور سونہ وار کراسنگ کے مقامات پر سیل کیا گیا تھا۔ نیز اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سینکڑوں کی تعداد میں سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

نامہ نگار کے مطابق سرینگر میں پہلی دفعہ یوم جمہوریہ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی فل ڈریس ریہرسل تقریب کی ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔

جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے 22 جنوری کو سری نگر میں کہا تھا کہ لاء اینڈ آڈر کی صورتحال کے دوران ڈرون کیمرے کافی مددگار ثابت ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا: 'ڈرون ایک نارمل تیکنیکی ایڈ ہے۔ یہ آج کی تاریخ میں ہر پولیس فورس استعمال کرتی ہے۔ لاء اینڈ آڈر کی صورتحال کو کور کرنے کے لئے جموں وکشمیر پولیس بھی ڈرون کیمروں کا استعمال کرتی ہے۔ جن گلی کوچوں میں آپ باریکی سے نہیں دیکھ پاتے ہیں، ڈرون کیمروں کی مدد سے پتہ چلتا ہے کہ کون شرارت کررہا ہے اور کون خلاف قانون کام کررہا ہے'۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کی ریہرسل تقریبات کے دوران اضلاع میں واقع اسٹیڈیموں کے اندر و باہر بھی سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کر رکھا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فل ڈریس ریہرسل تقریبات، جن میں طلبا، فنکاروں اور سیکورٹی فورسز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پرامن طور پر اختتام کو پہنچیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض اضلاع کے اسٹیڈیموں میں فل ڈریس ریہرسل برف کی پرت پر ہوئی کیونکہ انتظامیہ کے لئے حالیہ بھاری برف باری کے پیش نظر اسٹیڈیموں کو خشک کرنا مشکل تھا۔

بتادیں کہ جموں کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام خطہ بن جانے کے بعد یہ پہلی بار ہے جب یہاں یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ مرکزی حکومت کی طرف سے پانچ اگست کو جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ کے علاوہ ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کیا گیا تھا اوربعد ازاں جموں کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کے تحت جموں کشمیر مرکز کے زیر انتظام خطہ بن گیا اور لداخ الگ یونین ٹریٹری کے بطور نقشہ ہستی پر نمودار ہوا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یونین ٹریٹری آف لداخ کے دونوں اضلاع میں بھی فل ڈریس ریہرسل کی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں طلبا، فنکاروں، سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام لوگوں اور سول و پولیس انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

دریں اثنا مرکز کے زیر انتظام دونوں خطوں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں جہاں جموں اور لیہہ میں ہونے والی سب سے بڑی تقریبات میں پہلی مرتبہ لیفٹیننٹ گورنرس گریش چندرا مرمو اور رادھا کرشنا ماتھر پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے۔

دوسری جانب جموں کشمیر حکومت نے تین دہائیوں سے جاری روایت کو برقرار و بحال رکھتے ہوئے امسال بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں سرکاری ملازمین کی شرکت کو لازمی و ضروری قرار دیا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ حکم نامے جاری کئے ہیں جن میں حکم کی عدولی کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لانے کا انتباہ کیا گیا ہے۔

ادھر مبصرین کا متذکرہ حکم ناموں کے بارے میں کہنا ہے کہ جموں کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں یوم جمہوریہ یا یوم آزادی کی تقریبات میں عام لوگوں کی طرف سے شرکت کرنے سے بائیکاٹ کرنا حکومت کی طرف سے اس نوعیت کے حکم نامے جاری ہونے کی بنیادی اور اصلی وجہ ہے۔

Intro:Body:

republic day full dress rehearsal under drone monitoring in jammu and kashmir


Conclusion:
Last Updated : Feb 18, 2020, 7:02 AM IST

TAGGED:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.