ETV Bharat / state

مودی حکومت کی دوسری میعاد کے 100 دن: جموں و کشمیر کی تاریخ میں بڑی تبدیلی

author img

By

Published : Sep 4, 2019, 7:15 PM IST

Updated : Sep 29, 2019, 10:53 AM IST

وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنی دوسری اننگ میں سو دن پورے ہونے سے پہلے ایک تاریخ ساز قدم اٹھاتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا۔

مودی کے سو دن: جموں و کشمیر کی تاریخ تبدیل

پانچ اگست کی صبح مودی حکومت نے نہ صرف آئین کی دفعہ 370 کو غیر مؤثر بنادیا بلکہ جموں و کشمیر کے شہریوں کو خصوصی مراعات دینے والی دفعہ 35اے کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

حکومت نے ریاست کی تشکیل نو کا اعلان کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کرکے اسے مرکز کے زیر انتظام دو علیحدہ علاقوں لداخ اور جموں و کشمیر میں تقسیم کردیا۔

دفعہ 370 کا خاتمہ، بی جے پی کا دیرینہ مشن تھا جسے پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہونے کے فوراً بعد پورا کردیا گیا۔ بی جے پی کہتی ہے کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد بھارت کے سبھی خطے ایک جیسے ہوگئے۔

جموں و کشمیر کی باضابطہ تقسیم 31 اکتوبر کو ہوگی لیکن اس سے پہلے ہی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد ضابطے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔ ریاست کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے ساتھ ہی ریاست کا آئین بھی ناقابل عمل ہوگیا۔

حکام نے سرینگر کے نیو سیکرٹریٹ پر جموں و کشمیر کا ریاستی پرچم لہرانا بند کردیا ۔ یہ پرچم ترنگے کے ساتھ لہرایا جاتا تھا۔

برخاست شدہ اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے، جو بی جے پی کے سینیئر لیڈر ہیں، اپنی گاڑی سے ریاستی پرچم ہٹادیا۔ ریاست کے سرخ پرچم پر ہل کا نشان تھا، جو محنت کش کسانوں کو ظاہر کرتا تھا اور تین سفید لکیریں تھیں، جو کشمیر، جموں اور لداخ خطوں کی ترجمان تھیں۔

جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اب ملک کی کسی بھی ریاست میں مسلمان اکثریت میں نہیں ہوں گے۔ یہ امتیاز صرف جموں و کشمیر کو حاصل تھا۔

مبصرین کہتے ہیں کہ دفعہ 370 کی ہیئت تبدیل کرنے سے جموں و کشمیر کی تاریخ کا دھارا بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس اقدام کی شدید ترین ضرب، ان کشمیر نشین سیاست دانوں اور انکی پارٹیوں پر پڑی ہے جو جموں و کشمیر کے بھارت کے ساتھ الحاق کے طرفدار تھے لیکن ریاست کی خصوصی حیثیت کو نہ صرف برقرار رکھنے کی وکالت کرتے تھے بلکہ اسے مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتے تھے۔

ان سبھی رہنماؤں کو حکام نے دفعہ 370 ختم کرنے کے فیصلے سے ایک دن پہلے ہی نظر بند کردیا تھا۔ ان میں تین سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں۔ حکام نے متعدد سابق وزرا، قانون سازیہ کے اراکین اور ہند نواز لیڈروں اور کارکنوں بھی حراست میں لیا۔

کشمیر میں یہ بات ناقابل تصور تھی کہ جن لوگوں نے علیحدگی پسندوں کا مقابلہ کیا اور اپنی حکومتوں کے دوران ملک کے مفادات کے تحفظ کیلئے، علیحدگی پسندوں کے خلاف سخت گیر پالیسی اپنائی، انہیں بھی کسی وقت جیلوں کی ہوا کھانی پڑے گی۔ بھارت سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والے اکثر لیڈروں کو حکام نے ایک طویل مہم کے دوران پہلے ہی جیلوں میں بند کردیا تھا۔

کشمیر میں ایک مہینے سے کاروبار و عام زندگی معطل ہے۔ حکام نے ریاست کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر عوامی ردعمل کو روکنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کئے اور ریاست کا مواصلاتی رابطہ بیرونی دنیا کے ساتھ منقطع کردیا۔ مقامی لوگ کہتے ہیں کہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب جموں خطے کے بیشتر علاقوں اور لداخ کے لیہہ ضلع میں مرکزی حکومت کے اقدام کی بڑے پیمانے پر سراہنا کی گئی۔ کرگل میں لوگوں نے لداخ یونین ٹیریٹری کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کیا لیکن گورنر ستیہ پال ملک کوشش کررہے ہیں کہ مقامی لوگ اپنا اعتراض ختم کریں۔

دفعہ 370 کیا تھا؟

سنہ 1947 میں تقسیم برصغیر کے وقت جموں و کشمیر کے حکمران راجا ہری سنگھ نے چند شرائط پر بھارت سے الحاق پر آمادگی ظاہر کی تھی جس میں دفعہ 370 شامل ہے۔

ریاست کی جانب سے علیحدہ آئین کا مطالبہ بھی کیا تھا جس پر سنہ 1951 میں ریاستی آئین ساز اسمبلی کے قیام کی اجازت بھی دی گئی اور پانچ ماہ کی مشاورت کے بعد دفعہ 370 کو آئین میں شامل کیا گیا تھا۔

دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ اور اختیارات دیے گئے ۔ ریاست کو اپنا آئین بنانے، الگ پرچم رکھنے کا حق دیا گیا جبکہ صدر جمہوریہ ہند کے پاس ریاستی آئین کو معطل کرنے کا حق نہیں تھا۔

دفعہ 370 کی وجہ سے صرف تین معاملات ہی مرکزی حکومت کے پاس تھے، جن میں سیکیورٹی، خارجہ اور مواصلات سے متعلق امور شامل ہیں یعنی مرکز ریاستی حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی بھی قانون لاگو نہیں کر سکتی تھی۔

دفعہ 370 کے تحت بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں اقتصادی یا معاشی ایمرجنسی نافذ نہیں کر سکتی تھی۔

ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی ہدایت پر اُس وقت کے صدر راجندرا پرساد نے دفعہ 370 کے تحت 1954 میں حکم نامہ جاری کیا جسے دفعہ 35-اے کا نام دے کر آئین کا حصہ بنایا گیا۔اس دفعہ سے ریاست کے پشتنی باشندوں کیلئے استحقاق کی وضاحت کی گئی۔

دفعہ 35-اے کے تحت جموں و کشمیر میں زمین کی خرید و فروخت کے علاوہ سرکاری نوکریوں اور وظائف، ریاستی اسمبلی کے لیے ووٹ ڈالنے اور دوسری مراعات کا قانونی حق صرف اُس کے مستقل باشندوں کو حاصل تھا۔

صدر جمہوریہ نے ان دفعات ( 370 اور 35 اے) کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس کے بعد اب ملک کی دیگر ریاستوں کے باشندوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہوں گے جو صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کو حاصل تھے۔

Intro:Body:

modi govt changes the historyof jammu and kashmir


Conclusion:
Last Updated : Sep 29, 2019, 10:53 AM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.