ETV Bharat / state

وادیٔ کشمیر میں اگلے ہفتے مزید برف و باراں کی پیش گوئی

author img

By

Published : Dec 5, 2020, 1:59 PM IST

جموں و کشمیر اور لداخ میں برفباری کا امکان
جموں و کشمیر اور لداخ میں برفباری کا امکان

جموں و کشمیر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادیٔ کشمیر میں اگلے ہفتے کے آغاز سے ہی درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔

وادیٔ کشمیر میں جمعہ کی شام بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بعد محکمۂ موسمیات نے اگلے ہفتے مزید برف و باراں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادیٔ کشمیر میں اگلے ہفتے کے آغاز سے ہی درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادیٔ کشمیر میں 7 اور 8 دسمبر کو درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔ بعد ازاں تین دنوں تک موسم خشک رہنے کے بعد 12 اور 13 دسمبر کو دوبارہ برف باری متوقع ہے۔

ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور وادیٔ کشمیر کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہے۔ تاہم وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھلی ہے۔

وادی میں ہفتے کے روز موسم ابر آلود لیکن مجموعی طور پر خشک ہی رہا۔ دن کے دوران آفتاب بھی کافی کشمکش کے بعد چند ایک بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب بھی ہوا۔

ادھر مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے شبانہ درجۂ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔

گرمائی دارالحکومت سرینگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجۂ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادیٔ کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکرناگ میں منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.