ETV Bharat / state

Arshad Madani on Unilateral action against Muslims مسلمانوں کے خلاف یکطرفہ کارروائی قانون وانصاف کے ساتھ سنگین مذاق

author img

By

Published : Aug 3, 2023, 8:28 PM IST

جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد متاثرہ علاقے کے دورہ پر گیا تھا جس نے واپس آکر یہ معلومات دی ہے کہ اب تک 138 لوگوں کی گرفتاری دکھائی گئی ہے جبکہ حراست میں لئے گئے لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہریانہ کے میوات علاقہ میں گزشتہ دنوں ہوئے فرقہ وارانہ تشددکو لیکر کی جانے والی بے دریغ اوریکطرفہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ قانون وانصاف کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے انہوں نے کہا کہ تشددکیوں برپاہوااورکن لوگوں نے برپاکیا پہلے اس کی ایماندارانہ جانچ ہونی چاہئے تھی اوراس کے بعد ہی کارروائی کی جانی چاہئے تھی، لیکن افسوس ہریانہ پولس قانون وانصاف دونوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایک مخصوص فرقہ کے لوگوں کی اندھادھندگرفتاریاں کرکے اس پورے علاقہ میں خوف ودہشت کاماحول پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب حیرت انگیز طور پر میڈیا کا ایک بڑا حلقہ کسی حد تک غیر جانبدارانہ رویہ کا مظاہر کرتے ہوئے نہ صرف وہاں کی انتظامیہ اورریاستی سرکارسے سوال پوچھ رہاہے بلکہ بہت سی ایسی باتوں کو بھی اب وہ سامنے لارہاہے جوایک شرمناک سچ ہیں مگر جن پر ہریانہ کی ریاستی سرکارکی طرف سے مسلسل پردہ ڈالنے کی کوششیں ہوتی رہیں ہیں، خاص طورسے ایک شرپسند مونو مانیسر کی گرفتاری اورمیوات کے خطہ میں نفرت کی آگ بھڑکانے کے اس کے مرکزی کردارپر اب میڈیا سوال کررہا ہے مگر اس کا کوئی تسلی بخش جواب دینے کے بجائے ریاستی سرکارکے اشارہ پر مسلمانوں کے خلاف یکطرفہ کارروائی شروع کردی گئی ہے، جگہ جگہ تلاشیاں ہورہی ہیں اورگھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں.

جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد متاثرہ علاقے کے دورہ پر گیا تھا جس نے واپس آکر یہ معلومات دی ہے کہ اب تک 138 لوگوں کی گرفتاری دکھائی گئی ہے جبکہ حراست میں لئے گئے لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، ان میں ایک مخصوص فرقہ کا تناسب نوے فیصد سے زیادہ ہے.

مولانا مدنی نے سوال کیا کہ کیا اسے انصاف کہا جاسکتاہے اورکیا ایسا کرکے انصاف اورقانون کے تقاضوں کو پوراکیاجارہاہے؟ نہیں ہرگزنہیں بلکہ ایساکرکے ایک مخصوص فرقہ کو نفسیاتی طورپر اس حدتک خوف زدہ کردینے کی منصوبہ بند سازش ہورہی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی ظلم اورناانصافی کے خلاف لب کھولنے کی جرات نہ کرسکیں۔


انہوں نے کہاکہ میوات کے اس خطہ میں مسلمانوں کی آبادی کاتناسب 70فیصدسے زیادہ ہے، یہاں ہمیشہ سے دونوں فرقوں کے درمیان محبت اورمذہبی رواداری کا جذبہ موجزن رہاہے، ہمیں بتایا گیاہے کہ تشددکے دوران اس علاقہ میں مسلمانوں نے مقامی ہندوں اوران کے مذہبی مقامات کا تحفظ کیا ان پرکسی طرح کی کوئی آنچ نہیں آنے دیں، انہوں نے آگے کہا کہ اخبارات اورمیڈیا کے ذریعہ اب تک جو کچھ سامنے آیا ہے اس سے صاف پتہ چلتاہے کہ اشتعال انگیزی اورتشددکوہوادینے والے باہرسے آئے تھے، ان میں مقامی ہندوشامل نہیں تھے چنانچہ ہم پرزورمطالبہ کرتے ہیں کہ باہر سے آئے ہوئے ان تخریب کاروں کی نہ صرف نشاندہی کی جائے بلکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی ہوکیونکہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے میوات کے علاقہ کے امن واتحادمیں آگ لگائی۔

ایسا ہوہی نہیں سکتاکہ اس کی بھنک وہاں کی انتظامیہ اورپولس کو نہ لگی ہوجبکہ سوشل میڈیاپردھڑلے سے دھمکیوں بھرے اشتعال انگیز ویڈیواپلوڈ کئے جارہے تھے، یہ صاف اشارہ ہے کہ تشددبھڑکا نہیں ہے بلکہ بھڑکایاگیاہے اوراب اس کا ساراالزام مسلمانوں کے سرمنڈھ کر ملک بھر میں منافرت اورمذہبی شدت پسندی کو ہوادینے کا ایک نیاکھیل شروع کردیاگیاہے، معتبر اطلاعات ہیں کہ یاترامیں شامل لوگ جب نوح سے نکلے توانہوں نے سوہنا اور اس کے اطراف کے علاقوں اورگروگرام کے بادشاہ پورمیں چن چن کر مسلمانوں کی دوکانوں کو نذرآتش کیا یہاں تک کہ گروگرام میں ایک مسجد میں گھس کر بلوائیوں نے نائب امام کوپیٹ پیٹ کر مار ڈالا اور مسجد میں آگ لگادی،

مولانا مدنی نے سوال کیا کہ کیا یہ جرم نہیں ہے؟ اگرہے توپھر وہاں اندھادھندیکطرفہ کارروائیاں کیوں ہورہی ہیں؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوح میں جوکچھ ہورہاہے اس کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں،فرقہ پرست ٹولی کو اپنی من مانی اورغنڈہ گردی کازمانہ جاتاہوادکھائی دے رہاہے اس لئے منافرت کے ذریعہ مذہبی شدت پسندی کو ہوا دی جارہی ہے تاکہ اس کے سہارے ایک بار پھر 2024 کا پارلیمانی الیکشن جیت لیا جائے،یہ بات بہر طور یاد رکھی جانی چاہئے کہ انصاف کے دوہرے پیمانہ سے ہی بدامنی اورتباہی کے راستہ کھلتے ہیں، قانون کا پیمانہ سب کے لئے ایک جیساہوناچاہئے، اورمذہبی طورپر کسی بھی شہری کے ساتھ امیتازی سلوک نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اسکی اجازت نہ توملک کا آئین دیتاہے اورنہ ہی قانون۔

مولانا مدنی نے اخیر میں کہاکہ بلاشبہ فرقہ پرستی اورمذہب کی بنیادپرنفرت پیداکرنے سے ملک کے حالات مایوس کن اورخطرناک ہیں، لیکن ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ امیدافزابات یہ ہے کہ تمام ریشہ دوانیوں کے باوجود ملک کی اکثریت فرقہ پرستی کے خلاف ہے، جس کی زندہ مثال کرناٹک کے الیکشن کے نتائج ہیں،ہم ایک زندہ قوم ہیں اورزندہ قومیں حالات کے رحم وکرم پے نہیں رہتی بلکہ اپنے کرداروعمل سے حالات کا رخ پھیر دیتی ہیں۔

یہ ہمارے امتحان کی سخت گھڑی ہے چنانچہ ہمیں کسی بھی موقع پر صبر یقین، امید اوراستقلال کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے وقت ہمیشہ ایک جیسانہیں رہتاقوموں پر آزمائش کی گھڑیاں اسی طرح آتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اے ایس آئی ٹیم سروے کی تیاری میں تو مسلم فریق سپریم کورٹ جانے کی تیاری میں

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہزاروں بار کا تجربہ ہے کہ فساد ہوتا نہیں ہے بلکہ کرایا جاتا ہے اگر انتظامیہ نہ چاہے توہندوستان میں کہیں بھی فساد نہیں ہوسکتا اس لئے ضلع انتظامیہ کو جوابدہ بنایا جانا ضروری ہے کیونکہ اگر ایس ایس پی اورڈی ایم کو اگریہ خطرہ لاحق رہے کہ فسادکی صورت میں خود ان کی اپنی گردن میں پھندا پڑ سکتا ہے توکسی کے چاہنے سے بھی کہیں فساد نہیں ہو سکتا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.