جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے چیف میڈیکل آفیسر کی موجودگی میں ایسوسی ایٹ ہسپتال میڈیکل کالج کے او پی ڈی میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے تین روزہ پلس پولیو پروگرام کا آغاز کیا۔
افتتاحی تقریب میں موجود دیگر افسران میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اے ایچ جی ایم سی ڈوڈہ، ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ڈوڈہ،کے علاوہ محکمہ صحت کے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل عملہ بھی موجود تھا۔
اس موقع پر ڈی سی نے متعلقہ حکام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ اور ضلع میں گھر گھر جا کر اس ویکسین کے متعلق لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ اس پروگرام کے تحت کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے سے محروم نہ رہ جائے۔
پلس پولیو پروگرام 31 جنوری سے 2 فروری 2021 تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے تحت ضلع بھر میں پانچ سال کے تقریبا 71000 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں، جس کے لئے ضلع میں 523 پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
ڈی سی نے بتایا کہ پہلے روز بوتھ کی سطح پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یکم اور 2 فروری کو بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے کی مہم چلائی جائے گی۔
اس پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت، تعلیم سے وابستہ 105 سپروائزر کے علاوہ 2124 آنگن واڑی اور آشا ورکرز مصروف عمل ہیں۔