ETV Bharat / state

Rahul Gandhi Defamation Case مودی کنیت ہتک عزت کیس: گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ پر مختلف رہنماؤں کا ردعمل

author img

By

Published : Jul 8, 2023, 9:20 AM IST

مودی کنیت ہتک عزت کیس میں نظر ثانی کی درخواست گجرات ہائی کورٹ سے خارج ہونے کے بعد مختلف لیڈران نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی میں کانگریس کے حامیوں نے احتجاج کیا۔ کانگریس لیڈران نے اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جانے کی بات بھی کہی اور کہا کہ کانگریس مغرور طاقتوں کے خلاف قانونی اور سیاسی لڑائی لڑتی رہے گی۔ Gujarat HC on Rahul Gandhi

Rahul Gandhi Defamation Case
Rahul Gandhi Defamation Case

گجرات ہائی کورٹ نے گزشتہ روز راہل گاندھی کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے میں راحت نہیں دی تھی۔ عدالت نے راہل گاندھی کی نظر ثانی کی درخواست کو مسترد کر دیا اور ان کی سزا برقرار رکھا تھا۔ جس پر مہاراشٹر کانگریس (ایم پی سی سی) کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ سیاسی بدنیتی کے سبب دبایا جارہا ہے ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔

سیاسی بدنیتی کی وجہ سے راہل گاندھی کے خلاف کارروائی، سپریم کورٹ جائیں گے: پٹولے

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی (ایم پی سی سی) کے صدر نانا پٹولے نے جمعہ کو کہا کہ عدالت کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا، لیکن راہل گاندھی کی آواز کو "سیاسی نفرت کی وجہ سے دبایا جارہا ہے "۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی انتقام کی وجہ سے راہل گاندھی کے خلاف ایک "جھوٹی شکایت" درج کروائی گئی، جنہوں نے کسی بھی کمیونٹی کی توہین نہیں کی ہے، لیکن بی جے پی اپنی "گندی سیاست" کے ذریعے انہیں "ڈرانے" کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون سب کے لیے برابر ہے اور کانگریس کو عدلیہ پر بھروسہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

راہل کی حمایت میں کانگریس کا خاموش ستیہ گرہ

نئی دہلی: دوسری جانب کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی مختلف پلیٹ فارمز پر وزیر اعظم نریندر مودی اور اڈانی گروپ کے درمیان تعلقات کو مسلسل بے نقاب کر رہے ہیں، جس سے مشتعل ہو کر مودی حکومت راہل گاندھی کے خلاف طرح طرح کی سازشیں کر رہی ہے۔ جمعہ کو یہاں جاری ایک بیان میں کانگریس جنرل سکریٹری آرگنائزیشن کے سی وینو گوپال نے کہا کہ پارٹی راہل گاندھی کے ساتھ متحد ہے اور ان کی لڑائی میں پوری طاقت کے ساتھ ان کی حمایت کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پارٹی نے بدھ کے روز 12 جولائی کو ملک بھر میں خاموش ستیہ گرہ کا اہتمام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ریاستوں کی راجدھانی میں میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک خاموش ستیہ گرہ منعقد کیا جائے گا۔ اس ستیہ گرہ میں پارٹی کے ریاستی صدر اور دیگر لیڈروں کے ساتھ پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی، ایم ایل اے اور تمام عہدیدار حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی مودی حکومت کے ذریعہ سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کے خلاف مسلسل لڑ رہے ہیں، جس کے پیش نظر بی جے پی حکومت نے ایک سازش کے تحت ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

راہل گاندھی کے خلاف رچی جانے والی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے: کھچریاواس

جے پور: راجستھان کے خوراک اور سول سپلائی کے وزیر پرتاپ سنگھ کھچریاواس نے کہا کہ اپوزیشن کے سب سے بڑے لیڈر راہل گاندھی سے لوک سبھا کی رکنیت چھیننے اور انہیں اپنا گھر خالی کرنے کی بی جے پی کی طرف سے رچی گئی سازش کو ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔ پرتاپ کھچریاواس نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ عدالت کی طرف سے راہل گاندھی کی عرضی کو خارج کئے جانے سے ریاست اور ملک کے عوام مایوس ہیں۔ ہم عدالت کے اس فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے۔ ملک کے عوام اور کانگریس راہل گاندھی کے ساتھ کھڑی ہے، اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔

کھچریاواس نے کہا کہ جیسے ہی لوگوں کو راہل گاندھی کی عرضی کے خارج کرنے کا علم ہوا، جے پور سٹی کانگریس کے سیکڑوں کارکن ریاستی کانگریس کے دفتر پر جمع ہوگئے، اس کے بعد کانگریس کارکنان نے راہل گاندھی کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے جلوس نکالااور سڑکوں پرراہل گاندھی کے ساتھ جدوجہد کا اعلان کیا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.