ETV Bharat / state

Rahul Gandhi Ravana عوام راہل گاندھی کے خلاف غیرذمہ دارانہ قدم کا بی جے پی کو منھ توڑ جواب دیں گے: کانگریس

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 7, 2023, 6:59 AM IST

Congress on Rahul Gandhi's Ravana Graphics
Congress on Rahul Gandhi's Ravana Graphics

پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کی بی جے پی نے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ بی جے پی لگاتار کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو نشانہ بنارہی ہے۔ بی جے پی کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے ایک گرافک پوسٹ کیا گیا ہے، جس میں راہل گاندھی کو سات سروں والا راون بتایا گیا ہے۔ بی جے پی کی اس حرکت سے کانگریس تلملا گئی ہے۔ BJP calls Congress leader Ravana on X

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی اسی کے لیے مہلک ثابت ہوگی اور ملک کے عوام بی جے پی کو اس حرکت کا منھ توڑ جواب دیں گے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو یہاں کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی نے جو غیرذمہ دارانہ حرکت کرتے ہوئے پوسٹر شائع کرکے انہیں راون بتایا ہے ، اس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا اور ملک کے لوگ اسے اس کی سخت سزا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ "راہل گاندھی جی ہمارے قابل احترام لیڈر ہیں اور انہیں دنیا بھر میں اربوں لوگ پسند کرتے ہیں۔ یہ واضح ہے کہ راہل گاندھی کی آسمان چھوتی مقبولیت سے بی جے پی کو آہستہ آہستہ اپنی طاقت کا احساس ہورہا ہے، لیکن انہیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ راہل گاندھی کے خلاف ان کی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قدم کی بی جے پی کو قیمت چکانی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اس حرکت سے نہ صرف قومی راجدھانی دہلی بلکہ ریاستی دارالحکومتوں میں بھی کانگریس کارکن ناراض ہیں اور احتجاج میں سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ بی جے پی کی اس حرکت کے خلاف پارٹی کارکن غصے میں ہیں اور پولیس کے لیے احتجاجی کارکنوں کو روکنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ پارٹی لیڈر کے خلاف بی جے پی کے اس رویے کو لے کر کانگریس کارکنوں میں زبردست غصہ ہے، لیکن ہر جگہ کارکن پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راہل گاندھی کو راون دکھانے پر پرینکا گاندھی کا پی ایم مودی سے سوال

دوسری جانب راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر گووند سنگھ دوتاسرا کی قیادت میں سیکڑوں کانگریس کارکنوں نے جمعہ کو جے پور میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے راون کے طورپر پیش کیے جانے کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کیا۔
راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور ترجمان سوارنیم چترویدی نے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس رہنما اور کارکنان صبح 10 بجے سے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر پر جمع ہونا شروع ہوگئے اور کانگریس لیڈر اور کارکنوں کی ایک میٹنگ سے دوتاسرا نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ مرکز میں بی جے پی کی حکمرانی سے خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.