ETV Bharat / state

India Celebrates 75th Independence Day بھارت کا 75 واں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

author img

By

Published : Aug 15, 2022, 7:41 PM IST

Updated : Aug 15, 2022, 8:21 PM IST

ملک کے مختلف علاقوں میں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا اور بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ Indians celebrate 75th anniversary of Independence with patriotic fervour

ملک کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا
ملک کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف مقامات پر رسم پرچم کشائی ادا کی گئی اسی دوران تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راو نے ترنگا لہرایا اور سلامی دی۔اس تقریب میں وزیر اعلی کے سی آر نے ترنگا لہرایا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس افسران اور دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ وہیں دوسری جانب مجلس اتحاد المسلمین کے صدر ورکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے بھی ترنگا لہرایا اور اس کو سلامی دی۔ پرچم کشائی کے موقع پر مجلس کے دیگر کارکنان اور اراکین موجود تھے۔

تلنگانہ میں آزادی کا جشن
تلنگانہ میں آزادی کا جشن

گیا: آج ریاست بہار کے ضلع گیا میں بھی جوش وخروش کے ساتھ'یوم آزادی' کا جشن منایا جارہا ہے، گاندھی میدان میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پرچم کشائی کے بعد مجاہدین آزادی کے رشتے داروں کو اعزاز بخشا گیا ۔ ریاست بہار کے ضلع گیا میں ملک سے محبت کے الگ الگ رنگ دکھ رہے ہیں، اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات ترنگا ہاتھوں میں لیکر سڑک پر پیدل مارچ کررہے ہیں جبکہ صبح دس بجے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اہم تقریب ہری ہرسپرامنیم اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، مگدھ کمشنر میانک وروڑے کو پولیس جوانوں کی ٹیم نے سلامی پیش کی اور اس کے بعد انہوں نے پریڈ کا جائزہ بھی لیا ۔

گیا میں یوم آزادی کی تقریب

کمشنر نے ہزاروں باشندوں کی موجودگی میں پرچم کشائی کی اور اس کے بعد ضلع کے نام خطاب کیا جس میں انہوں نے حکومت کی جانب سے ضلع میں ہورہے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کیا، انہوں نے اس دوران کورونا اور شراب کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات اور کاروائی اور اقلیتی طبقے کے تعلق سے وزیراعلی اقلیتی روزگار قرض منصوبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال میں ضلع سے اس اسکیم کے لیے 346 درخواست گزاروں کی درخواست قبول کرکے محکمہ اقلیتی فلاح پٹنہ کو ارسال کی گئی ہے جلد ہی ان کے کھاتے میں رقم پہنچ جائے گی۔ ضلع گیا کے بمبئی بازار وہائٹ ہاؤس میں فرحت شبیر نے پرچم کشائی کی، فرحت شبیر باحجاب تھیں اور انہوں نے اس دوران پرچم کو سلامی بھی پیش کی ۔

گیا

علیگڑھ: آزادی کی 75 ویں سالگرہ کا جشن ملک بھر میں امرت مہوتسو کے نام سے دھوم دھام سے منا رہا ہے۔ ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علیگڈھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر نے بھی پرچم کشائی کر ملک کی عوام کو 75وی یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

اے ایم یو میں پرچم کشائی

تاریخی اسٹریچی ہال میں ہر سال کے مطابق جشن یوم آزادی میں شریک ہونے والوں کی تعداد اس بار زیادہ تھی۔ یونیورسٹی تدریسی، غیر تدریسی عملہ، طلباء و طالبات سمیت ضلع علیگڑھ کے رہائشی بھی شریک ہوئے تھے۔ یوم آزادی کے موقع پر یونیورسٹی کو دلہن کی طرح سجایا گیا اور پورے جوش و خروش کے ساتھ 75 واں یوم آزادی کا جشن منایا جارہا ہے۔یوم آزادی کے موقع پر وائس چانسلر نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں علیگ برادری، سبھی طلباء اور پورے ملک کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور عمید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہمارے ملک ہر شعبہ میں ترقی کرے گا۔

جے پور: ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے مدارس اور مساجد میں بھی یوم آزادی کے موقع پر مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، دعوت اسلامی کے مدرسہ جامعۃ المدینہ کی جانب سے ترنگاریلی بھی نکالی گئی، یہ ریلی مدرسہ کی بلڈنگ سے روانہ ہوئی اور شہر کے اہم راستوں سے ہوتے ہوئے رام گنج علاقہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ وہیں مسجد آہنگران کے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، اور ان کی قربانیوں کا ذکر کیا گیا، جہاں کثیر تعداد میں مدارس کے طلبا موجود تھے۔

جے پور

نوئیڈا: آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر نوئیڈا کے سیکٹر 8 کی جامع مسجد کے صدر دروازے پر بھی پرچم کشائی کا پروگرام منعقد کیا گیا۔جس میں جامع مسجد کے امام سمیت بڑی تعداد میں علاقہ کے لوگ موجود تھے ہنوز شہر کی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی اور آپسی اتحاد بھائی چارہ اور ہم آہنگی کا پیغام دیا۔

نوئیڈا میں پرچم کشائی

بارہ بنکی: ریاست اترپردیش کے بارہ بنکی میں یوم آزادی کے موقع پر مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی گئی ساتھ ہی پروگرامز بھی منعقد کیا گیا۔وہیں مغل دربار مارکیٹ میں پرچم کشائی کے بعد مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں دوائیاں مفت تقسیم کی گئی۔ وہیں بارہ بنکی قصبہ میں واقع مدرسہ عربیہ حنیف العلوم میں آواز دل کی، آواز آزادی کے موضوع پر ایک ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نوجوانوں اور طلباء نے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا۔

بارہ بنکی
میرٹھ میں یوم آزادی کی تقریب

میرٹھ: ریاست اترپردیش کے میرٹھ میں بھی مختلف شعبوں کے علاوہ تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی۔ اس موقع پر جہاں مدارس کے طلباء کو آزادی کی اہمیت بتائی گئی وہیں میرٹھ میں مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں میں نوجوانوں نے ترنگا ریلی نکال کر حب الوطنی کا پیغام دیا۔

Last Updated : Aug 15, 2022, 8:21 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.