ETV Bharat / state

دہلی فساد: جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے متاثرین کی مدد

author img

By

Published : Sep 14, 2020, 8:03 PM IST

jamiat ulema e hind helps victims
جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے متاثرین کی مدد

شمال مشرقی دہلی میں تقریباً سات ماہ قبل ہونے والے فسادات کے متاثرین کے درمیان امدادی کاموں کا سلسلہ بدستور جاری رکھتے ہوئے علماء ہند نے فساد متاثرین مقصود کو آٹو خرید کر دیا۔ کیونکہ فسادات میں مقصود کے آٹو کو فسادیوں نے جلا دیا تھا۔

جمعیۃ کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق صدرِ جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر متاثرین کے درمیان مدد فراہمی کے اس سلسلے کی تازہ کڑی کے تحت کراول نگر میں کرایہ پر رہنے والے مقصود کو آج جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے آٹو خرید کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ مقصود کے آٹو کو شرپسندوں نے جلاکر خاکستر کر دیا تھا۔ آٹو پاکر مقصود بہت خوش تھا اور نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کرنے پر مطمئن بھی ہے۔ مقصود کو آٹو کی چابی مولانا محمد مسلم قاسمی صدر جمعیۃ علماء دہلی نے اپنے دست سے دی۔

اس موقع پر مفتی عبدالرازق مظاہری جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، قاری محمد ساجد فیضی سیکریٹری جمعیۃ علماء دہلی، الحاج سلیم رحمانی صدر جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی مولانا جمیل اختر قاسمی سیکریٹری جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی، مہتاب عالم و دیگر معززین علاقہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی ایک ٹیم مستقل فساد متاثرین کے درمیان راحت و رسانی کے عمل میں سرگرم عمل ہے۔

شمال مشرقی دہلی فساد متاثرہ علاقے کراول نگر، کھجوری خاص، گڑھی میہڈو میں اب بھی مکانات کی تعمیر ومرمت کا کام جاری ہے جن میں سے اکثر مکانات کا کام مکمل ہوگیا ہے اور وہ متاثرین کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور باقی بھی انشاء اللہ بہت جلد متاثرین کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

فساد زدہ علاقوں میں شرپسندوں کے ذریعہ مساجد کو بھی بہت نقصان پہنچایا گیا تھا جس کی تعمیر و مرمت کا کام بھی ہنوز جاری ہیں۔

خاکستر کی گئی فاطمہ مسجد کھجوری خاص کا کام مکمل ہوگیا ہے جس میں باضابطہ نماز ادا کی جا رہی ہے۔ مسجد اللہ والی شہید بھگت سنگھ کالونی کراول نگر کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے اور بہت جلد جنتی مسجد گوکل پوری کی مرمت کا کام بھی ان شاء اللہ شروع کر دیا جائے گا۔

بھجن پورہ میں جلائے گئے ای رکشہ کے شوروم کے مالک رئیس احمد کو مالی مدد دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے کام کو پھر سے شروع کر سکیں۔

قابل ذکر ہے کہ فساد متاثرین کی قانونی چارہ جوئی کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے آن ریکارڈ ایڈووکیٹ ظہیرالدین بابر چوہان کی سربراہی میں دس وکیلوں کا ایک پینل مقرر کر دیا گیا ہے جو مستقل فساد متاثرین کے مقدمات کی پیروی کر رہا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.