ETV Bharat / state

Opposition MPs Suspended: اپوزیشن کے 19 اراکین راجیہ سبھا سے معطل

author img

By

Published : Jul 26, 2022, 5:16 PM IST

راجیہ سبھا میں شور شرابہ اور کارروائی کو احسن طریقے سے چلانے میں رکاوٹ پیدا کرنے کی وجہ سے ترنمول کانگریس کے سات ارکان، تلنگانہ راشٹریہ سمیتی، دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور مارکسس کمیونسٹ پارٹی کے کُل ملاکر 19 اراکین کو اس ہفتے کی بقیہ کارروائی کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا ہے۔ 19 opposition MPs suspended from Rajya Sabha for week

اپوزیشن کے 19 اراکین راجیہ سبھا
اپوزیشن کے 19 اراکین راجیہ سبھا

دہلی: آج کھانے کے وقفے کے بعد جب راجیہ سبھا میں کارروائی شروع ہوئی تو ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے بقیہ اراکین کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں پر پابندی اور ان کی فنڈنگ ​​سے متعلق ترمیمی بل 2022 پر بولنے کے لیے بلانا شروع کیا، تبھی کچھ اپوزیشن اراکین نے مہنگائی اور جی ایس ٹی پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس پر ہری ونش نے کہا کہ کل اس بل پر بحث مکمل ہو گئی تھی اور آج وزیر کو جواب دینا ہے لیکن کچھ ممبران کل وہاں نہیں تھے، وہ آج بولنا چاہتے ہیں، اس لیے ان کے نام لیے جا رہے ہیں۔

اپوزیشن کے 19 اراکین راجیہ سبھا
اپوزیشن کے 19 اراکین راجیہ سبھا

اس دوران انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے وکاس رنجن بھٹاچاریہ کا نام لیا۔ بھٹاچاریہ نے بل سے ہٹ کر مہنگائی پر بولنا شروع کر دیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے ان سے کہا کہ وہ صرف اس موضوع پر بات کریں ورنہ کسی اور رکن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لیکن بھٹاچاریہ مہنگائی پر ہی بولتے رہے۔ اسی دوران ہری ونش نے ایک اور رکن کا نام پکارا، جس کی وجہ سے ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی اور ٹی آر ایس کے کچھ ارکان نے ایوان کے بیچ میں نعرے بازی شروع کردی۔

اس پر ہری ونش نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوان میں پلے کارڈ نہ دکھائیں اور نعرے بازی نہ کریں۔ انہوں نے بعض ارکان کے نام لیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی جگہ پر جائیں ورنہ رول 256 کے تحت ان کے نام لینے پڑیں گے۔ اس کے بعد انہوں نے ترنمول کانگریس کے کچھ ارکان کا نام بھی لیا اور کہا کہ آپ سبھی اپنی اپنی نشستوں پر واپس آجائیں۔ تاہم اس کے بعد بھی ترنمول کانگریس کے کچھ ارکان کے ساتھ ساتھ سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی، ڈی ایم کے اور ٹی آر ایس کے ارکان ایوان کے وسط میں نعرے بازی کرتے رہے۔

اس پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے ایوان کے 19 ارکان کو اس ہفتے کی بقیہ کارروائی کے لیے معطل کرنے کی تجویز پیش کی جسے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ جن اراکین کو معطل کیا گیا ہے ان میں ترنمول کانگریس کی سشمیتا دیو، موسم نور، شانتا شیتری، ڈولا سین، شانتنو سین، ابیر رنجن بسواس، محمد ندیم الحق، ڈی ایم کے کے ایم ایچ عبداللہ، ایس کلیان سندرم، آر گریرنجن، این آر ایلنگوون، ایم شانموگم، کنی موجھی این وی این شومو، ٹی آر ایس کے بی ایل یادو، رویندرا ودی راجو، دامودر راؤ دیواکونڈا، سی پی آئی (ایم) کے وی شیواداسن، سی پی آئی کے سنتوش کمار پی اور اے اے رحیم شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: Congress Protest: کانگریس کارکنان کا احتجاج، راہل گاندھی پولیس حراست میں

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.