ETV Bharat / state

DC Budgam on Religious Tourism: بابا حنیف الدین کے مزار پر ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 9, 2023, 8:26 PM IST

بابا حنیف الدین کے مزار پر ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح
بابا حنیف الدین کے مزار پر ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح

ڈی سی بڈگام نے ضلع کے بیروہ علاقے میں ہیریٹیج اور ریلیجن ٹورزم کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے سے مقامی سطح پر روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوں گے۔

بابا حنیف الدین کے مزار پر ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح

بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن نذیر احمد خان اور ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لبرو نے بیروہ کے رٹھسن علاقے میں بابا حنیف الدین ریشی رحمہ اللہ تعالیٰ کے مزار پر مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ افتتاح کیے گئے منصوبوں میں بابا حنیف الدین ریشیؒ کے مزار پر اگواڑے کی ترقی، ویؤ پوائنٹ (View point)، پارکنگ کی سہولت اور بیت الخلاء کمپلیکس کی تعمیر شامل ہیں۔ ڈی سی بڈگام نے مزار پر حاضری دینے اور پروجیکٹس کے افتتاح کے بعد مقامی وفود کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئرمین، نذیر احمد خان، نے ترقیاتی کاموں کی مقررہ مدت پر تکمیل کو یقینی بنانے پر ضلع انتظامیہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ بڈگام ان پروجیکٹوں کو بروقت مکمل ہونے اور بیروہ کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ادھر، ڈی سی بڈگام نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ ضلع خاص کر بیروہ میں ریلیجن ٹورزم (Religion Tourism) کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور بابا حنیف الدین ریشیؒ کی درگاہ اور ابھینو گپت جی کے بھیرو غار تاریخی ورثے اور اہمیت سے مالا مال ہیں، اور انتظامیہ ان مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ریلیجن ٹورزم کے امکانات تلاش کرنے کے لیے وعدہ بند ہے۔

مزید پڑھیں: Religious Tourism in JK مذہبی سیاحت کیلئے لبرل ویزا پالیسی کی ضرورت ہے، اے پی ایس سی سی

ڈی سی نے مزید کہا کہ ’’وادی میں شورش کے دوران بابا حنیف الدین ریشی رحمہ اللہ کا مزار بری طرح سے متاثر ہوا اور تین بار اس کو نذر آتش بھی کیا گیا، تاہم حکومت نے مزار کے اگلے حصے کی تعمیر نو کے ذریعے اس کی شان رفتہ کو بحال کرنے کی تمام کوششیں کیں اور اس جگہ پر سبھی بنیادی سہولیات کے حوالہ سے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔‘‘ ڈی سی نے مقررہ وقت میں کام کی تکمیل کو یقینی بنانے پر متعلقہ ایس ڈی ایم اور ایگزیکٹیو انجینئر کی ستائش کی۔

ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بیروہ میں ہیریٹیج ٹورزم (Heritage Tourism) کی بھی صلاحیت ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’’سیاحوں کی تعداد میں اضافے سے مقامی لوگوں کی روزی روٹی کے مواقع بھی بڑھیں گے۔‘‘ دورے کے دوران ڈی سی بڈگام اکشے لبرو کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئرمین نذیر احمد خان، ایس ڈی ایم بیروہ تنویر غازی، نائب تحصیلدار بیروہ عابد حسین، بی ڈی او رٹھسن، ایگزن، ایس ایچ او بیروہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام اور مقامی باشندے بھی موجود تھے۔ دریں اثناء، ڈی ڈی سی چیئرمین نے بڈگام پر خصوصی توجہ دینے اور ضلع میں بے پناہ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایل جی انتظامیہ کی ستائش کی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.