ETV Bharat / state

گیا میں پندرہ دنوں کے دوران اغوا کے دو معاملے پیش آئے

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 8, 2024, 6:52 PM IST

ضلع میں پندرہ دنوں میں اغوا کے دو معاملے پیش آئے
ضلع میں پندرہ دنوں میں اغوا کے دو معاملے پیش آئے

Crime Incidents Increase In Gaya گیا میں گزشتہ 15 دنوں میں دو اغوا کے معاملے پیش آئے ہیں ، مغویوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے حالانکہ دونوں مغویوں کو صحیح سلامت برآمد کرنے میں پولیس نے کامیابی حاصل کی ہے۔

گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں گزشتہ پندرہ دنوں کے اندر اغوا کے دو معاملے پیش آئے ہیں حالانکہ دونوں مغویوں کو ضلع پولیس نے صحیح سلامت برآمد کر نے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تاوان کی رقم کے لیے انہیں اغوا کیا گیا تھا۔ برآمدگی کے باوجود ضلع میں سراسیمگی پائی جانی شروع ہو گئی ہے کیونکہ برسوں بعد پھر سے ضلع میں اغوا کا معاملہ پیش آنے لگا ہے اور اس میں نکسلی اور بدمعاش دونوں شامل ہیں جنکی طرف سے اغوا کیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 دسمبر 2023 کو ایک تعمیراتی کنسٹرکشن کمپنی کے منشی شہباز خان کو نکسلیوں نے اغوا کیا تھا اور اس دوران نکسلیوں کی جانب سے تیس لاکھ روپے تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا گیا۔نکسلیوں نے پانچ دنوں تک شہباز خان کو جنگلوں میں رکھا حالانکہ پولیس کی دبش کی وجہ سے نکسلیوں نے انتیس دسمبر کو شہباز کو رہا کردیا تھا۔

اس دوران ضلع پولیس کے کپتان آشیش بھارتی نے دعویٰ کیا کہ بغیر فروتی کی رقم کے شباز خان کو رہا کرایا گیا ہے ۔ شہباز خان کے اغوا کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا کہ کل گیا کے امام گنج میں نویں جماعت کے طالب علم کو بدمعاشوں نے اغوا کر لیا حالانکہ ضلع پولیس نے طالب علم کو آٹھ گھنٹے کے اندر اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ، لیکن اس دوران پولیس کے اقبال پر بھی سوال کھڑے ہونے لگے کہ کیا ضلع میں پولیس کا خوف کم ہو گیا ہے کہ بدمعاش اور نکسلی پھر سے متحرک ہو چکے ہیں ، طالب علم کو بھی رہا کرانے میں پولیس کامیاب رہی۔ اس معاملے میں پولیس کی بڑی کامیابی یہ بھی رہی کہ تین بدمعاشوں کو ضلع پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

طالب علم کے اغوا کے تعلق سے ایس ایس پی آشیش بھارتی نے کہا کہ اطلاع ملنے کے بعد مغوی بچے کی بازیابی کے لیے ایک خصوصی ٹیم سیٹی ایس پی ہمانشو کمار کی قیادت میں تشکیل دی گئی، تشکیل شدہ ٹیم کی جانب سے تکنیکی تحقیق اور انٹیلی جنس جمع کرنے کے بعد چترا پولیس کی مدد سے، مغوی بچے کو جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں واقع ہنٹر گنج تھانہ علاقے سے بازیاب کرایا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی آر کے اندراج کے 8 گھنٹے کے اندر بازیابی کو یقینی بنایاہے ،اس معاملے میں تین بدمعاشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ، انکے پاس سے اس سم کارڈ اور موبائل فون کو بھی برآمد کیا گیا ہے جس سے یہ مغوی بچے کے والد سے پانچ لاکھ روپئے تاوان کی رقم کا مطالبہ کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ پولیس کی ٹیم نے نہ صرف بچے کو صحیح سلامت برآمد کیا بلکہ بغیر تاوان کی رقم دیے بچے کو برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ،اس معاملے میں تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں راہل کمار رنجن ،امیت کمار اور ششانت کمار ہیں اور یہ تینوں ہنٹر گنج چترا ضلع کے رہنے والے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:گیا کے سب سے بڑے ہسپتال کو بم سے اڑانے کی دھمکی

اس معاملے میں ایک اور بدمعاش فرار ہے ،جسکی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔ایس ایس پی نے اس بات سے انکار کیا کہ ضلع میں اغوا کے معاملے بڑھ گئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اگر اغوا کیے گئے بھی تو پولیس صحیح سلامت برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.