ETV Bharat / state

حج سفر 2024 پچاس ہزار سستا ہوگا، سعودی حکومت نے معلم کے خرچ میں کٹوتی کردی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 14, 2023, 3:05 PM IST

Updated : Dec 14, 2023, 4:08 PM IST

Hajj 2024 will be 50 thousand cheaper حج سفر 2024 کا ارادہ کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت نے بڑی راحت دی ہے ،ہندوستانی عازمین کے سفر کے اخراجات میں پچاس ہزار روپے کم ہونگے اور ساتھ ہی سفر کی پالیسیوں میں بھی سعودی حکومت نے تبدیلی کی ہے ۔ البتہ بہار کے گیا امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والوں کو 2024 میں بھی ملک کے دیگر امبارکیشن پوائنٹ سے زیادہ رقم ادا کرنی ہوگی لیکن پھر بھی 2023 کے خرچ کے بنسبت 2024 میں کم خرچ ہوگا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

حج سفر 2024 پچاس ہزار سستا ہوگا، سعودی حکومت نے معلم کے خرچ میں کٹوتی کردی

گیا: بہار سمیت ملک کی دوسری ریاستوں میں حج سفر 2024 کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اسکے لیے پہلا مرحلہ ' حج فارم ' بھرنے کا ہے جو کہ شروع ہے اور ابھی تک کہ نوٹیفکیشن کے مطابق 20 دسمبر تک فارم بھرے جائیں گے ۔ بہار حج بھون پٹنہ میں بھی فارم بھرنے اور جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس بار 2024 کی تیاریوں کے شروع ہوتے ہی حج پر روانہ ہونے والے خواہشمند حضرات کے لیے کئی بڑی راحت پہنچانے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ حالانکہ یہ راحت سعودی حکومت نے سفر حج 2024 کے لیے دی ہے ، سعودی حکومت نے 2024 میں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کے خرچ کو کم کیا ہے اور اسکے لیے سعودی حکومت نے معلم کے خرچ میں 2521 ریال کم کرنے کا اعلان کردیا ہے جوکہ انڈین کرنسی میں قریب 50 ہزار ہونگے ۔ معلم کا مطلب وہ شخص جو زائرین اور حجاج کو زیارتیں ، دعائیں اور دیگر ارکان بتاتاہو ، سعودی حکومت معلم کے کاموں کے لیے فیس لیتی ہے اور یہ دنیا بھر سے جانے والے عازمین حج کے لیے ہے لیکن اس بار سعودی حکومت نے معلم کی فیس میں کٹوتی کی ہے جس کی وجہ سے یہ کہا جارہاہے کہ ہندوستان سے جانے والے عازمین حج کے لیے انڈین کرنسی میں پچاس ہزار سفر حج سستا ہوگا ۔ تاہم 2024 میں بھی گیا امبارکیشن پوائنٹ ملک کے دیگر امبارکیشن پوائنٹ سے مہنگا ہوگا۔


حج سفر 2024 کی تیاریوں اور گیا امبارکیشن پوائنٹ مہنگا ہونے سمیت کئی اہم مسئلے پر آج ای ٹی وی بھارت نے بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین الحاج عبد الحق سے خصوصی گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے گیا امبارکیشن مہنگا ہونے کے سوال پر کہاکہ یہاں اسلیے خرچ زیادہ ہوتا ہے کہ کیونکہ یہاں اضافی سہولیات دستیاب ہوتی ہیں ، طیارے کا کرایہ بھی ملک کے دوسرے 19 ایئرپورٹ سے زیادہ ہیں کیونکہ یہاں چھوٹے طیارے آتے ہیں یعنی کہ 150 زائرین حرمین شریفین کو ہی ایک طیارے میں بھیجا جاتا ہے جبکہ دوسری جگہوں پر ایک طیارے میں 300 سے زیادہ لوگ جاتے ہیں ، مسافت زیادہ ہونے کی وجہ سے خرچ بڑھتا ہے لیکن یہ بھی سمجھیں کہ یہاں گیا ایئرپورٹ اور پٹنہ حج بھون میں جو سہولیات اور خدمات فراہم کی جاتی ہیں وہ دوسری جگہوں پر نہیں ہوتی ہیں ۔ کولکاتا امبارکیشن کی بنسبت گیا امبارکیشن سے 25 ہزار روپے کے قریب اضافی رقم ہوتی ہے لیکن اگر بہار سے کولکاتا کے سفر کے اضافی خرچ کو جوڑیں تو کچھ ہی ہزار کا معاملہ ہوگا اور سب سے بڑی بات یہ کہ انہیں بہار کے گیا کے بنسبت کولکاتا کے سفر میں پریشانی بھی زیادہ ہوتی ہے ۔اسلیے گیا امبارکیشن زیادہ آسان ہے ، حج سفر 2023 میں گیا ایئرپورٹ سے کرایہ 1 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ ادا کرنا پڑا تھا ، اس بار 2024 میں بھی 1 لاکھ 68 ہزار 53 روپے کرایہ ادا کرنے ہونگے ، ابھی تک یہ مانا جارہاہے کہ گیا امبارکیشن پوائنٹ سے 2024 میں جانے والوں کو کل خرچ 3 لاکھ 50 ہزار کے قریب ادا کرنے ہونگے جبکہ 2023 میں کل خرچ کے طور پر 4 لاکھ 361 روپے ادا کرنے پڑے تھے۔

کولکاتا سے بھی جاتے ہیں بہار کے عازمین حج

بہار کے عازمین حج کے لیے گیا کے علاوہ بڑے امبارکیشن پوائنٹ میں کولکاتا بھی ہے جبکہ اسکے علاوہ دلی بنگلور راجستھان اور اتر پردیش سے بھی 2023 میں بہار کے حجاج گئے تھے لیکن بہار کے عازمین حج کی تعداد گیا امبارکیشن سے زیادہ ہوتی ہے اور اسکے بعد کولکاتا امبارکیشن سے ہوتی ہے ، 2023 میں قریب 1700 عازمین حج کولکاتا سے روانہ ہوئے تھے جبکہ 3000 کے قریب پرواز گیا سے ہوئی تھی ۔اس بار بھی کولکاتا امبارکیشن کا آپشن ہوگا ، کولکاتا سے جانے والوں کو طیارے کا کرایہ 1 لاکھ 42 ہزار 498 روپیہ ادا کرنا ہوگا جبکہ انہیں کل خرچ رقم 3 لاکھ 25 ہزار ادا کرنا ہوگا

معلم خرچ میں کٹوتی

حج بھون پٹنہ کے مطابق حج 2024 میں مکہ اور مدینہ میں کل خرچ 10196 ریال ہوگا جو گزشتہ 2023 حج سفر سے 2521 ریال کم ہے ۔ چیئرمین عبدالحق نے بتایاکہ 2023 میں معلم کےلیے فی حاجی 7 ہزار 4 سو اکیس ریال جمع کیا گیا تھا ، اس بار 4 ہزار 9 سو جمع ہوگا اس وجہ سے رقم کم ہوئی ہے اور یہ معلم کے خرچ میں ہی رقم کم ہوئی ہے ، ساتھ ہی انہوں نے گیا امبارکیشن پوائنٹ سے بھی طیارے کا کرایہ کم ہونے کی توقع کااظہار کیا اور کہاکہ 2023 سفر حج کا کام تاخیر سے شروع ہوا تھا جسکے سبب طیارہ کمپنی نے منمانہ رخ اختیار کیا اس وجہ سے کرایہ زیادہ لگا جبکہ 2019 میں کرایہ صرف 1 لاکھ 8 ہزار تھا ۔اس بار تیاری پہلے شروع ہوئی ہے اور بھی خرچ میں کچھ کمی ہوسکتی ہے۔

حج سفر پالیسی میں تبدیلی بھی ہوئی ہے

حج سفر 2024 میں کچھ تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں ۔اس بار 2024 حج سفر میں چھوٹے بچے بھی اپنے والدین کے ساتھ سفر حج پر روانہ ہوں گے ۔ 2023 سفر حج کے دوران 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو ساتھ لے جانے پر روک لگا دی گئی تھی۔ لیکن اس بار یہ روک ہٹا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی دو سال کے نیچے کے بچوں کے لیے کرایہ صرف 10 فیصد ہی لگے گا ۔ یعنی کہ کرایہ کی پوری رقم پر صرف دس فیصد کرایہ ادا کرنا ہوگا اسکےعلاوہ اُن سے حج فیس وغیرہ کی رقم نہیں دینی ہوگی ، اس لیے ویسے خواہش مند بھی سفر حج پر روانہ ہو سکتے ہیں جو اپنے چھوٹے بچوں کو ساتھ لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی اس بار یہ بھی کیا گیا ہے کہ ایک کور گروپ میں پانچ افراد کی گنجائش کی گئی ہے۔ جبکہ 2023 کے سفر حج میں ایک کور گروپ میں چار ہی افراد کو رکھا گیا تھا

ممکنہ اخراجات 2024 سفر حج

طیارہ کرایہ گیا : 1 لاکھ 68 ہزار ، کل خرچ 3 لاکھ 50 ہزار
سری نگر طیارہ کرایہ : 1 لاکھ 62 ہزار ،کل خرچ 3 لاکھ 45 ہزار
اورنگ آباد طیارہ کرایہ : 1 لاکھ 60 ہزار کل خرچ 3 لاکھ 43 ہزار
گواہاٹی طیارہ کرایہ : 1لاکھ 49 ہزار کل خرچ 3 لاکھ 32 ہزار
کولکاتا طیارہ کرایہ 1 لاکھ 42 ہزار کل خرچ 3 لاکھ 23 ہزار
احمد آباد طیارہ کرایہ 1 لاکھ 40 ہزار کل خرچ 3 لاکھ 23 ہزار
بھوپال طیارہ کرایہ 1 لاکھ 41 ہزار کل خرچ 3لاکھ 22 ہزار
چنئی طیارہ کرایہ 1 لاکھ 13 ہزار کل خرچ 2 لاکھ 93 ہزار
دلی طیارہ کرایہ 1 لاکھ 13 ہزار کل خرچ 2 لاکھ 95 ہزار
جے پور طیارہ کرایہ 1 لاکھ 5 ہزار کل خرچ 2 لاکھ 88 ہزار
ممبئی طیارہ کرایہ 71 ہزار 812 روپے کل خرچ 2 لاکھ 55 ہزار
حیدرآباد طیارہ کرایہ 71466 کل خرچ 2 لاکھ 54 ہزار
بنگلورو طیارہ کرایہ 70166 کل خرچ 2 لاکھ 54 ہزار ہیں


مئی میں شروع ہوگا حج سفر

حج کمیٹی بہار کے چیئرمین عبدالحق کے مطابق 2024 میں 9 مئی سے سفر حج کا آغاز ہوگا آخری قافلہ 10 جون کو روانہ ہوگا ، حتمی شیڈول آنے کے بعد تاریخ متعین ہوگی کہ کس امبارکیشن کب اور کتنے دنوں تک سفرحج آپریشن جاری رہیگا تاہم ابھی تک کے مطابق 9 مئی سے سفر حج کے لیے پرواز کا سلسلہ شروع ہوجائے گا انہوں نےکہا کہ ابھی سارا دھیان فارم پر کرانے پر مشتمل ہے ، 20 مارچ تک فارم بھرے جائیں گے

پاسپورٹ بنانے میں کی جارہی ہے مدد

سفر حج پرروانہ ہونے کا ارادہ رکھنے والوں نے اگر پاسپورٹ اپلائی کیاہے اور انکا پاسپورٹ بنکر اب تک نہیں آیا ہے تو وہ حج بھون پٹنہ سے رابطہ کریں ، حج بھون پٹنہ انکی رہنمائی کررہاہے ، فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے لیکن جنکے پاس پاسپورٹ نہیں ہے وہ اگر آج بھی اپلائی کراتے ہیں تو چار پانچ دنوں میں انکا پاسپورٹ آجائیگا لیکن اسکے لیے اپلائی کے بعد انہیں حج بھون کو اطلاع دینی ہوگی تاکہ حج بھون کے ذریعے پاسپورٹ آفس سے رابطہ کرکے آپکی رہنمائی کرسکے

بیداری مہم جاری ہے

بہار میں اس بار کوشش ہے کہ متعینہ کوٹہ پر کردیا جائے اور اسکے لیے ہرضلع میں بیداری مہم چلائی جارہی ہے ۔علماء ائمہ اور ذمہ دران خاص طورپر متحرک ہیں اور حج کی فضیلت اہمیت پرروشنی ڈال رہے ہیں ۔گزشتہ سفر حج سے زیادہ اس بار گیا امبارکیشن پوائنٹ عازمین حج روانہ ہونگے اور یہی کوشش کی جارہی ہے

Last Updated : Dec 14, 2023, 4:08 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.