ETV Bharat / state

Haj2023 گوایئرلائنز کے دیوالیہ ہونے پر عازمین حج کا اظہار تشویش

author img

By

Published : May 5, 2023, 1:09 PM IST

گیا
گیا

حج 2023 پرروانہ ہونے والے عازمین کی پرواز گو ایئرلائنز یعنی کہ ' گوفرسٹ ' کے ذریعے ہوگی۔ حکومت کا گوفرسٹ سے ہی معاہدہ ہوا ہے، تاہم گذشتہ دنوں گوفرسٹ نے خود کو دیوالیہ قرار دیا، جس کی وجہ سے عازمین اور ان کے رشتے دار تشویش میں مبتلا ہیں کہ کہیں آخری وقت میں کوئی نئی مصیبت نہ کھڑی ہو جائے۔

گیا: حج 2023 کے تحت 21 مئی سے بہار کے عازمین مقدس سفر حج پر روانہ ہونگے، تاہم رواں برس جس ایئرلائنز کمپنی اور مرکزی حکومت کے متعلقہ محکمہ کے درمیان عازمین کی پرواز کا معاہدہ ہوا ہے وہ ایئرلائنز کمپنی متعدد مسائل کی شکار ہوگئی ہے جس سے عازمین میں تشویش کی صورتحال پیدا ہے لیکن حکام اور ریاستی حج کمیٹی کے ذمہ دران اس حوالے سے کوئی وضاحت دینے کو تیار نہیں ہیں ۔

دراصل بہار سے بھی حج کے مقدس سفر پر روانگی اکیس مئی سے شروع ہوگی اس مرتبہ گوایئر طیارے کو پرواز کا ٹینڈر دیا گیا ہے لیکن گوایئر ابھی کئی مسائل کی شکار ہے۔ اس کمپنی نے خودکو دیوالیہ قرار دیا ہے آج پانچ مئی تک بہار سے اسکے آپریشن بھی منسوخ ہیں ،گوایئرلائنز کے دیوالیہ ہونے کی وجہ سے پٹنہ سے دہلی، بنگلورو اور ممبئی کے لیے 3 جوڑی فلائٹ منسوخ کردی گئی ہے، ان مقامات پر جانے کے لیے تقریباً 2700 لوگوں نے بکنگ کرا رکھا تھا جنکی اب رقم واپس کرنی ہوگی ، ان سب خبروں کے بعد عازمین حج کی تشویش لازمی ہے۔

رضاکار فیاض خان نے بتایاکہ وہ عازمین کو حج سفر کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے کے لیے رہنمائی برسوں سے کررہے ہیں اس بار بھی وہ خدمت میں لگے ہیں کئی عازمین نے ان سب خبروں کو سنکر ان سے بھی اپنی تشویش ظاہر کی اس میں ایک تشویش یہ ہے کہ کہیں آخری وقت میں کمپنی یا مرکزی حج کمیٹی عازمین پر موٹی رقم کا اضافی بوجھ نہیں ڈال دے ، گوایئر سے ہی آپریشن 2023ہوگا یا پھر حکومت کوئی متبادل راستہ اختیار کرے گی اس پر کوئی وضاحت کرنے کو تیار نہیں ہے ۔

گیا ہوائی اڈہ کے ڈائریکٹر بنکجیت ساہا نے گوایئر کی صورتحال کے حوالے سے پوچھے جانے پر تفصیلی وضاحت کرنے سے منع کردیا تاہم انہوں نے یہ ضرور کہاکہ گوایئر کمپنی مسائل کی شکار ہے تاہم اس سے عازمین حج کو پریشانی نہیں ہوگی ، آئی اے اے کی طرف سے اس مسئلے کو دیکھاجارہا ہے۔


رضاکار فیاض خان نے کہا کہ عازمین کی تشویش اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ گوایئرلائنز کی طرف سے بہار کے عازمین کی پرواز کے لیے گیا ہوائی اڈے پر بوئنگ طیارے کی لینڈنگ کرانے کی منظوری مانگی گئی تھی تاکہ ایک بار میں چار سو سے زیادہ عازمین کو لیکر جاسکے اور اسے کم سے کم خرچ برداشت کرنا پڑے ،لیکن گیا ایئرپورٹ بوئنگ طیارے کی لینڈنگ کے مطابق نہیں ہے یہاں کا رنوے چھوٹا ہے۔ ڈائریکٹر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بوئنگ طیارے کے مطابق ابھی رنوے نہیں ہے اس وجہ سے اسکی اجازت نہیں دی گئی ہے انہوں نے کہاکہ عازمین کے تعلق سے یہاں سبھی طرح کی تیاریاں کل سے شروع کردی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:Hajj 2022: بہار عازمین حج کی کولکاتا سے پرواز، عوام میں ناراضگی
واضح ہوکہ بہار سے اس مرتبہ 55سو سے زیادہ لوگ سفر حج پرروانہ ہونگے، حالانکہ ان میں 35سو ہی عازمین گیا ہوائی اڈے سے روانہ ہونگے بقیہ نے اپنی پرواز کے لیے کلکتہ کو امبارکیشن پوائنٹ منتخب کیا ہے، اگر بوئنگ طیارے کی لینڈنگ ہوتی تو چار سے پانچ دنوں میں پروازمکمل ہوجاتی لیکن ابھی تک کے شیڈول کے مطابق 21مئی سے 6جون تک پرواز کا سلسلہ جاری رہیگا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.