ETV Bharat / state

Badar Aurangabadi Passes Away گیا، افسانہ نگار شاعر اور صحافی سید بدر قادری کا انتقال

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 8, 2023, 1:11 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

افسانہ نگار، شاعر اور صحافی سید بدر احمد قادری اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ بہار کے ضلع گیا میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کے سانحہ ارتحال سے علاقے میں غم کی لہر ہے۔ اس موقعے پر سرکردہ شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔

گیا: بہار کے معروف افسانہ نگار شاعر اور صحافی سید بدر احمد قادری 'بدر اورنگ آبادی' کا کل رات انتقال ہو گیا۔ بدر اورنگ آبادی ایک معروف افسانہ نگار، صحافی اور کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ بدر اورنگ آبادی اپنے دور کے کافی مقبول شعرا میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے کئی شعری مجموعوں کی تخلیق بھی کی۔ آپ کی شخصیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بدراورنگ آبادی پر ریسرچ اسکالر تحقیق کرتے ہیں۔

یکم جنوری 1927 کو اورنگ آباد (ضلع گیا کا سابقہ نام) میں پیدا ہوئے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سرکاری ملازمت میں آگئے اور اے جی آفس بہار وجھارکھنڈ میں اکاؤنٹس افسر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے۔ ان کے صاحبزادے ڈاکٹر سید احمد قادری کے مطابق بی این کالج پٹنہ سے بی اے اردو آنرس میں وہ گولڈ میڈ لسٹ تھے۔ ان کا افسانہ آرٹسٹ کون سنہ 1942 میں پہلی بار رسالہ جمالستان دہلی میں شائع ہوا۔

مزید پڑھیں: Poet Haseeb Soz Passes Away معروف اردو شاعر حسیب سوز کا انتقال

افسانہ نگاری میں ان کے استاد شیدا کیوروی تھے۔ ان کو اردو اکادمی پٹنہ سے افسانوی مجموعہ 'اگر روشنی نہ ہوتی' پر ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ مگدھ یونیورسٹی نے بدر اورنگ آبادی کی حیات اور خدمات پر تحقیق کرایاہے۔ مرحوم کی کئی کتابیں 'لالچی، رگ سنگ، افکار منتشر' منظر عام پر آچکی ہیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔ ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنے والوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.