ETV Bharat / sports

Virender Sehwag ہندوستانی ٹیم کوہلی کے لیے ورلڈ کپ جیتنا چاہے گی

author img

By

Published : Jun 27, 2023, 6:29 PM IST

ہندوستانی ٹیم کوہلی کے لیے ورلڈ کپ جیتنا چاہے گی
ہندوستانی ٹیم کوہلی کے لیے ورلڈ کپ جیتنا چاہے گی

ہندوستان کے سابق اوپنر وریندر سہواگ کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو 2011 کے ورلڈ کپ کی کامیابی کو دہرانے اور وراٹ کوہلی کے لئے 2023 کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کا ہدف رکھنا چاہئے۔

ممبئی:ہندستان 2011 میں ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف فائنل جیت کر چیمپئن بنا تھا۔ سچن تندولکر کے آخری ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹائٹل جیتنے کے لیے سب کچھ لگا دیا تھا۔ سہواگ کو امید ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس بار بھی کوہلی کے لیے ایسا ہی کر سکے گی۔ عالمی فاتح ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے سہواگ نے یہاں ورلڈ کپ کے شڈیول کے اعلان کے موقع پر کہاکہ ہم نے وہ ورلڈ کپ تندولکر کے لیے کھیلا تھا۔ اگر ہم ورلڈ کپ جیت جاتے تو سچن پاجی کا آخری ورلڈ کپ یادگار ہوتا۔ وراٹ کوہلی اب بھی ویسے ہی ہیں۔ ہر کوئی ان کے لئے ورلڈ کپ جیتنا چاہے گا۔ وہ ہمیشہ 100 فیصد سے زیادہ دیتا ہے۔

سہواگ نے کہاکہ میرے خیال میں وراٹ کوہلی بھی اس ورلڈ کپ پر توجہ دے رہے ہیں۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ لوگ آپ کو دیکھیں گے۔ وراٹ جانتے ہیں کہ (ہندوستان میں) پچز کیسی ہوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ وہ بہت زیادہ رن بنائیں گے اور ہندوستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا سب سے زیر انتظار کا ایک میچ ہندستان اور پاکستان کے درمیان 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سہواگ نے کہا کہ یہ وہ کھیل ہے جس کے لیے وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ پرجوش ہیں۔

سہواگ نے کہاکہ ہر کوئی ہندوستان اور پاکستان کے میچ کا انتظار کرنا چاہتا ہے۔ میں بھی کر رہا ہوں۔ سہواگ سے جب پوچھا گیا کہ پاک۔ ہند مقابلے میں فاتح کون ہوگا تو انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ اس دن کیا ہوگا لیکن جو ٹیم پریشر کو اچھی طرح سے ہینڈل کرے گی وہی جیتے گی۔ انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ اب ہندستان دباؤ کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرتا ہے، اس لیے وہ جیت جاتا ہے۔ پاکستان پر بوجھ ہے کہ وہ ہندستان کے خلاف جیت نہیں سکا ہے۔ پاکستان 1990 کی دہائی میں دباؤ سے نمٹنے میں اچھا تھا لیکن 2000 کے بعد ہندستان نے اسے بہتر طریقے سے ہینڈل کیا۔ اگر کوئی کھلاڑی کہتا ہے کہ وہ دباؤ محسوس نہیں کرتا، تو میں اسے درست نہیں سمجھتا۔ ہم بھی یہی کہتے تھے لیکن آخر میں آج ہم جانتے ہیں کہ یہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان کا کھیل ہے اور جذبات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ODI World Cup ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم اپنی مہم کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف کرے گا

سہواگ کا یہ بھی ماننا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیموں میں شامل ہوں گے۔ سیمی فائنل کے بارے میں اپنی پیشین گوئی کرتے ہوئے سہواگ نے کہاکہ اگر مجھے چار ٹیموں کا انتخاب کرنا پڑا تو میں آسٹریلیا، انگلینڈ، ہندوستان اور پاکستان کا انتخاب کروں گا۔ یہ میرے سیمی فائنلسٹ ہیں۔

یواین آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.