ETV Bharat / sports

Lucknow Super Giants vs Delhi Capitals: دہلی اور لکھنؤ میں دلچسپ مقابلے کی امید

author img

By

Published : Apr 7, 2022, 1:11 PM IST

لکھنؤ سپر جائنٹس اور دہلی کیپٹلز
لکھنؤ سپر جائنٹس اور دہلی کیپٹلز

آئی پی ایل 2022 میں لکھنؤ سپر جائنٹس اور دہلی کیپٹلز کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں اچھے فارم میں ہیں اور میچ سنسنی خیز ہونے کی امید ہے۔ آج کا میچ ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس شام سات بجے ہوگا اور کھیل ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ Lucknow Super Giants and Delhi Capitals

آئی پی ایل کے 15ویں میچ میں دہلی کیپٹلز اور لکھنؤ سُپر جائنٹس کے درمیان آج ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں میں دلچسپ مقابلے کا امکان ہے۔ لکھنؤ نے اب تک تین میں سے دو میچ جیتے ہیں جبکہ دہلی نے دو میں سے ایک میچ جیتا ہے۔ یہ دو انتہائی باصلاحیت کرکٹرز اور بھارت کے ممکنہ مستقبل کے کپتانوں لوکیش راہل اور رشبھ پنت کے درمیان بھی ٹکر ہوگی۔ راہل اور پنت، جو اپنے دن کسی بھی گیندبازی کے حملے کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آئی پی ایل کے ابتدائی مراحل میں ہی اپنی ٹیم کی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ Lucknow Super Giants and Delhi Capitals

آئی پی ایل کی نئی ٹیم لکھنؤ سُپر جائنٹس آج جب میدان پر اترے گی تو اس کا مقصد جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنا ہوگا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت کی قیادت والی دہلی کیپیٹلز گزشتہ میچ کی شکست کو بھول کر لیگ میں اپنی دوسری جیت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ لکھنؤ سُپر جائنٹس نے اپنا پہلا میچ گجرات ٹائٹنز سے پانچ وکٹوں سے ہارنے کے بعد چنئی سُپر کنگز کو چھ وکٹوں سے اور سن رائزرز حیدرآباد کو 12 رنز سے شکست دے کر لیگ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ دوسری جانب دہلی کیپیٹلز نے اپنے پہلے میچ میں ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اسے گجرات سے 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج کے میچ میں لکھنؤ سُپر جائنٹس کی نظریں جیت کی ہیٹ ٹرک پر ہوں گی جب کہ دہلی پچھلی شکست کو پیچھے چھوڑ کر جیت کی پٹری پر واپس آنا چاہے گی۔ لکھنؤ کے کپتان لوکیش راہل شاندار فارم میں ہیں اور گزشتہ میچ میں انہوں نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ اس میچ میں فاسٹ بولر اویش خان کی چار وکٹوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اویش کو ان کی بہترین باؤلنگ کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دہلی کپیٹلز کے کپتان رشبھ پنت کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ اہم اوقات میں اپنا وکٹ نہ گنوائیں۔ پنت نے پچھلے میچ میں سب سے زیادہ 43 رنز بنائے تھے لیکن ان کے پانچویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہونے کے بعد دہلی کی اننگ 159 رنز تک ہی پہنچ سکی جبکہ اسے جیت کے لیے 172 رن بنانے تھے۔

دہلی کیپیٹلز کی حوصلہ افزائی اب اس بات سے ہو سکتی ہے کہ تیز گیند باز اینرک نورکیا اور ٹاپ آرڈر بلے باز ڈیوڈ وارنر لکھنؤ کے خلاف ہونے والے اس میچ کے لیے دہلی کیپٹلز ٹیم میں انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔ وارنر نے جہاں قرنطینہ کی مدت پوری کر لی ہے وہیں نورکیا اب مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں۔ نورکیا اور وارنر کی دستیابی دہلی کیپیٹلز کی گیند بازی اور بلے بازی دونوں کو مضبوط کر سکتی ہے۔ دوسری جانب اب مارکس اسٹوائنس بھی دورہ پاکستان ختم ہونے کے بعد لکھنؤ سُپر جائنٹس کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انہیں اینڈریو ٹائی یا ایون لوئس کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.