ETV Bharat / sports

IPL 2022: ممبئی انڈینز سیزن کی پہلی جیت کی تلاش میں

author img

By

Published : Apr 13, 2022, 2:30 PM IST

Mumbai Indians vs Punjab Kings
Mumbai Indians vs Punjab Kings

آئی پی ایل کا 23واں میچ ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس میچ میں ممبئی انڈینز سیزن کی اپنی پہلی جیت کی تلاش میں اترے گی جب کہ پنجاب کنگز جیت کی پٹری پر واپس آنے کی کوشش کرے گی۔ Mumbai Indians vs Punjab Kings

پانچ بار کی آئی پی ایل چیمپئن ممبئی انڈینز کو رواں سیزن میں مسلسل چار میچوں میں شکست ہوئی ہے اور آج اس کا مقابلہ پنجاب کنگز سے ہوگا جس میں وہ اپنی شکستوں کے سلسلے کو روکنے کی کوشش کرے گی، اگر ممبئی کو اس میچ میں واپسی کرنی ہے تو اس کے کپتان روہت شرما کو اپنا اصلی روپ دکھانا ہوگا اور اپنے معیار کے مطابق جارحانہ اور بڑی اننگ کھیلنی ہوگی۔ ممبئی انڈینز اور اس کے کپتان روہت شرما چار میچوں میں شکست کے بعد کافی دباؤ میں ہیں۔ روہت شرما نے اس سیزن میں کچھ اچھی اننگز کھیلی ہیں لیکن اب انہیں بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیم کا عتماد بحال ہوسکے۔ پونے میں اپنے آخری پانچ آئی پی ایل میچوں میں انہوں نے 57.67 کی اوسط اور 136.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 173 رنز بنائے ہیں لیکن ان کی ٹیم کو یہاں ان سے ایک بڑی اننگز کی ضرورت ہے۔ IPL Match Preview

ممبئی کی ٹیم میں اگر کوئی کھلاڑی چل پا رہا ہے تو وہ سوریہ کمار یادو ہیں۔ سوریہ کمار یادو نے 37 گیندوں میں 68 رنز اور اور 36 گیندوں میں 52 رنز کی عمدہ اننگز کے ساتھ سیزن کا مثبت آغاز کیا ہے۔ حالانکہ وہ ماضی میں پنجاب کے خلاف زیادہ کچھ نہیں کر پائے تھے۔ پنجاب کے خلاف ان کا اوسط 20.08 ہے۔ آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کے خلاف یہ ان کا سب سے خراب اوسط ہے لیکن ممبئی کو امید ہے کہ سوریہ کا بلہ چلے اور خوب چلے۔ دوسری جانب اپنی سابق ٹیم ممبئی کے خلاف کھیلتے ہوئے راہل چہر اثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس سیزن میں کھیلے گئے چاروں میچوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ سات وکٹوں کے ساتھ پنجاب کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز ہیں اور انہوں نے بلے سے 12 اور 22 ناٹ آؤٹ رنز بھی بنائے ہیں۔

دنیا کی دیگر ٹاپ لیگز میں اپنا کلاس دکھانے کے بعد انگلینڈ کے باصلاحیت کھلاڑی لیام لیونگسٹن آخرکار آئی پی ایل میں بھی اپنا جلوہ بکھیرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وہ اس سیزن میں پنجاب کنگز کے لیے 190.58 کے حیران کن اسٹرائیک ریٹ سے چار اننگز میں 162 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے چنئی سُپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی وکٹیں حاصل کی تھی۔ اس آئی پی ایل سیزن میں ممبئی انڈینز کے بلے باز تلک ورما نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اپنی چار اننگز میں مجموعی طور پر 121 رنز بنائے ہیں۔ وہ حال ہی میں کھیلی گئی سید مشتاق علی ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز (215) بنانے والوں میں سے ایک ہیں۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 147.26 تھا۔

اس کے علاوہ ودربھ کے وکٹ کیپر بلے باز جیتیش شرما نے اپنی وکٹ کیپنگ اور بلے بازی سے سب کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اپنی دو اننگز میں 17 گیندوں میں 26 رنز اور 11 گیندوں میں 23 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے دو کیچ بھی لیے۔ حال ہی میں کھیلی گئی سید مشتاق علی ٹرافی میں انہوں نے سات میچوں میں 253.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے 214 رنز بنائے۔ یہ میچ یقینی طور پر سخت ہوگا کیونکہ روہت جانتے ہیں کہ ایک اور ہار کے بعد ان کی ٹیم کے لیے واپسی کرنا مشکل ہوگا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.