ETV Bharat / sports

افغانستان کے خلاف ٹیم انڈیا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کے ارادے سے اترے گی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 16, 2024, 9:38 PM IST

Updated : Jan 16, 2024, 10:19 PM IST

IND vs AFG 3rd T20 Preview بھارت اور افغانستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی بدھ کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ سے قبل بھارتی کھلاڑیوں نے چناسوامی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ بھارت 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے آگے ہے اور سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

بنگلورو: بھارتی ٹیم افغانستان کے خلاف چناسوامی اسٹیڈیم میں بدھ کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کے ارادے سے اترے گی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ کلدیپ کو روی بشنوئی یا واشنگٹن سندر کی جگہ اور مکیش کمار کی جگہ اویش خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

سنجو سیمسن اور تلک ورما کو چناسوامی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔ کپتان روہت کا بلا سیریز میں اب تک خاموش رہا ہے۔ پہلے میچ میں وہ شبمن گل کے ساتھ غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہوگئے تھے، جب کہ دوسرے میچ میں فضل الحق فاروقی کی گیند کا اندازہ نہ کرسکے اور بولڈ ہو گئے۔ دو میچوں میں صرف دو رنز بنانے والے روہت سے آخری میچ میں فارم میں واپس آکر بڑی اننگ کھیلنے کی توقع کی جارہی ہے۔

بھارتی بلے باز شاندار فارم میں ہیں اور توقع ہے کہ وہ کل کے میچ میں اپنی بہتر کارکردگی کو دہرائیں گے۔ سیریز میں بھارتی ٹیم بیٹنگ میں پہلی گیند سے ہی جارحانہ نظر آئی۔ شیوم دوبے اور وراٹ کوہلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ افغانستان نے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے اوپنر رحمان اللہ گرباز سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے جو گزشتہ دو میچوں میں ناکام رہے ہیں۔ افغانستان کی باؤلنگ سائیڈ کمزور رہی ہے۔

بھارت 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے آگے ہے اور سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔ موہالی اور اندور میں کھیلے گئے پہلے دو میچوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسانی سے کامیابی حاصل کی۔ اب ٹیم انڈیا کو بنگلورو میں کھیلنا ہے، جہاں اس کا ریکارڈ بہت شاندار ہے، اور اس گراؤنڈ پر ہندوستانی ٹیم کو ہرانا کسی بھی ٹیم کے لیے آسان کام نہیں ہے۔

یکم جون سے شروع ہونے والے آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پیش نظر یہ سیریز بھارت کے لیے بہت اہم ہے۔ کھلاڑیوں کو آزمانے کے لیے افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پلیئنگ 11 میں کئی تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ سنجو سیمسن اور کلدیپ یادو کو پلیئنگ 11 میں جگہ مل سکتی ہے جو پہلے دو میچوں میں پلیئنگ 11 کا حصہ نہیں تھے۔

ٹیم انڈیا کا اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، تلک ورما، رنکو سنگھ، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، اویش خان اور مکیش کمار۔

افغانستان کا اسکواڈ: ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، اکرام علی خیل (وکٹ کیپر)، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، شرف الدین اشرف، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، فرید احمد، نوین الحق، نور احمد، محمد سلیم، قیس احمد، گلبدین نائب اور راشد خان۔

یہ بھی پڑھیں

Last Updated : Jan 16, 2024, 10:19 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.